2.5 فیصد آبادی منشیات کی لت میں مبتلاء،پنجاب سے آگے ،منشیات کی دستیابی آسان
سری نگر//گزشتہ کئی برسوں سے کشمیر کومنشیات کے دھندے اوراستعمال کامرکز بنانے کی منظم کوششیں اورسازشیں منظرعام پرآئی ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق وادی کشمیر آہستہ آہستہ شمالی ہندوستان میں منشیات کا مرکز بنتی جا رہی ہے، کیونکہ آئے دنوں منشیات اسمگلروںکی گرفتاری عمل میں لاکراُن سے برائون شوگر ،ہیروئین ،چرس ،نشہ آورادویات اوردیگر منشیات برآمد کرکے ضبط کی جاتی ہے جبکہ منشیات کے عادی افراد بالخصوص نوجوانوںکی تعدادمیں تشویشناک حدتک اضافہ ہوا ہے ۔ماہ جنوری 2023میں چھپی ایک رپورٹ کے مطابق جہاں فی الوقت کشمیر وادی میں 67ہزار سے زیادہ منشیات کے عادی ہیں، جن میں سے90 فیصد ہیروئن کے عادی ہیں، جو روزانہ 33ہزار سے زیادہ سرنجیں استعمال کرتے ہیں۔سیکورٹی حکام کے مطابق وادی کے سرحدی اضلاع کپواڑہ اور بارہمولہ کے ذریعے سرحدپارسے منشیات کی مسلسل اسمگلنگ، کم استعمال ہونے والی دیگر منشیات جیسے براؤن شوگر، کوکین، اور چرس بھی وادی کے اندر اور یہاں تک کہ جموں کے کچھ حصوں میں بھی آسانی سے دستیاب ہیں۔رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ2.5 فیصد آبادی منشیات کا استعمال کرتے ہوئے، کشمیر ملک کے سب سے زیادہ منشیات سے متاثرہ خطہ کے طور پر اُبھرا ہے،اور پنجاب سے آگے ہے، جہاں1.2 فیصد آبادی مبینہ طور پر منشیات کے عادی ہے۔ نومبر2022 میں، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی زیر صدارت ریاستی سطح کی نارکوٹک کوآرڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ میں انکشاف ہوا کہ جموں و کشمیر میں کم از کم 6 لاکھ باشندے منشیات سے متعلق مسائل سے متاثر ہیں۔ اوسطاً، وادی میں منشیات کا استعمال کرنے والے سالانہ88ہزار روپے خرچ کرتے ہیں، جس سے کشمیر میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے۔رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیاکہ سال2022میں ، نارکوٹک ڈرگس سائیکو ٹراپک سبسٹینس (NDPS) ایکٹ کے تحت،جموں وکشمیر پولیس نے1021 مقدمات درج کئے اور 1700 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا، جن میں 138 بدنام زمانہ منشیات اسمگلر بھی شامل ہیں۔ اسی دوران سیکورٹی اداروں نے212 کلو گرام چرس، 56 کلو گرام ہیروئن، 13 کلو گرام براؤن شوگر، 4.355 ٹن پوست بھوسے اور 1.567 ٹن پھوکی سمیت بھاری مقدار میں ممنوعہ مواد قبضے میں لیاجبکہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں نے منشیات کے بہت سے ماڈیولز یعنی نیٹ ورکوںکا بھی پردہ فاش کیا اور 36 افراد کو منشیات، اسلحہ، گولہ بارود اور رقم کے ساتھ گرفتار کیا۔ دسمبر2022 میں، پولیس نے پاکستان سے سرگرم منشیات کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور 17 افراد کو گرفتار کیا، جن میں5پولیس اہلکار اور کچھ سیاسی کارکن شامل تھے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ سال2022کے 3 ماہ میں5 کروڑ روپے مالیت کی 5کلو گرام منشیات پاکستان سے اسمگل کی گئیں۔










