سری نگر//پیراورمنگل کی درمیانی رات ٹنل کے آرپار کئی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کے بیچ سیاحتی مقام گلمرگ اورپہلگام میں دوران شب درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔اس دوران منگل کو صبح سے مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے بعددوپہر کچھ مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش ہونے کاامکان ظاہر کیا ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں ماہ کے آخرتک موسم بے اعتدال رہنے کی پیش گوئی کے بیچ پیر اور منگل کی درمیانی رات جواہرٹنل کے آرپار کئی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ دوران شب سری نگراورجموں شہرمیں موسم خشک رہاتاہم قاضی گنڈ میں 3.4،پہلگام میں 4.4،کپوارہ میں 1.4،کوکرناگ میں 2.1،گلمرگ میں 0.8،بانہال میں7.6،بٹوٹ میں 0.8،کٹرہ میں 0.4،بھدرواہ میں 25.6اور کٹھوعہ میں 6.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ متعلقہ محکمے کے مطابق اس دوران سیاحتی مقام گلمرگ اورپہلگام میں دوران شب درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہاجبکہ باقی سبھی علاقوں بشمول سری نگرمیں شبانہ پارہ نقطہ انجماد سے اوپرریکارڈکیاگیا۔محکمہ موسمیات نے منگل کی صبح جاری تازہ ایڈوائزری میں کہاکہ آج یعنی منگل کو بعددوپہر کچھ مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش ہونے کاامکان ہے تاہم 22مارچ یعنی بدھ کوموسم مجموعی طور پر ابرآلودرہے گا۔محکمہ ھٰذا کے مطابق23مارچ کی شام سے 24مارچ کودوپہرتک جواہر ٹنل کے آرپار کچھ مخصوص علاقوںمیں موسم ابرآلودرہنے کے بیچ گرج چمک کیساتھ وقفے وقفے سے بارش ہونے کاامکان ہے جبکہ 25سے28مارچ تک موسم عمومی طور پر ابرآلودرہے گا۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایاکہ 29اور30مارچ کوشام کے وقت مطلع ابرآلود رہنے کے بیچ ہلکی بارش ہونے کاامکان ہے ۔










