سیکرٹری سیاحت نے مشہور بادام واری پارک میں سپرنگ فیسٹول کا اِفتتاح کیا

سری نگر//سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے مشہور بادام واری پارک میں سپرنگ فیسٹول کا اِفتتاح کیااِس موقعہ پر سیکرٹری سیاحت نے خطاب کرتے ہوئے فیسٹول کے آغاز پر اَپنی مسرت کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپرنگ فیسٹول لوگوں کے لئے ایک ساتھ آنے اور اس خوبصورت موسم کی آمد کا جشن منانے کاایک موقع ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ موسم باہر سے لطف اندوز ہونے ، مقامی روایات کا تجربہ کرنے اوراَپنی برادریوں سے جُڑنے کا وقت ہے۔سیکرٹری سیاحت نے مزید کہا کہ اِس قسم کے فیسٹولوں کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور کئی غیر دریافت شدہ مقامات کے تنوع اور خوبصورتی کو ظاہر کرنا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جموںوکشمیر یوٹی کے طول و عرض میں اِس قسم کی تقریبات کا اِنعقاد کر ے گا تاکہ یہاں کے سیاحتی مقامات کے اِمکانات سے فائدہ اُٹھایا جاسکے۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے سیاحتی شعبے کو ترقی دینے کے لئے حکومت کے عزم کو بھی اُجاگر کیا جس کا مقصد بنیاد ی ڈھانچہ کو بہتر بنانا، سیاحتی خدمات کو بڑھانا اور دیر پا سیاحتی طریقوں کو فروغ دینا ہے۔اِس موقعہ پر ناظم سیاحت کشمیر فضل الحسیب نے کہا کہ محکمہ نے صوبہ کشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات پر سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ لوگوں اور سیاحوں کو تفریح کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سیاحوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے اور سیاح کشمیر کا دورہ کرنا چاہتے ہیں اور اس کے دِلکش مناظر اور خوبصورتی کاتجربہ کرنا چاہتے ہیں۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ فیسٹول کے دوران سیاحوں کے لئے روایتی او رتاریخی اِنتظامات کئے گئے تھے ۔ فیسٹول کے دوران ثقافتی تقریبات اور کشمیر کے نامور فن کاروں کی پرفارمنس نے بھی شائقین کو محظوظ کیا۔دریں اثنا محکمہ سیاحت کی جانب سے ناگام ، چاڈورہ بڈگام میں بھی اِسی قسم کی تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جس میں محکمہ کے سینئر اَفسران اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔