سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال جموں کی ترقیاتی سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا

جموں//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے آج بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال جموں کی ترقیاتی سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور ہسپتال کو جلد شروع کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔پرنسپل جی ایم سی جموں کی طرف سے ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی گئی جس میں بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال جموں میں کاموں کی طبعی و مالی پیش رفت اور ہسپتال کو چلانے کے لئے ایکشن پلان کی وضاحت کی گئی۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے اِس بات پر زور دیا کہ او پی ڈیز ، اِنڈور سروسز ، فزیو تھراپی سروسز اور الیکٹیو سرجیکل سروسز کو بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال جموں میں مئی 2023ء کے پہلے ہفتے تک فعال کیا جائے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال کے جلد آپریشنل ہونے سے اُن مریضوں کی ایک بڑی تعداد کے علاج کی ضرورت پورا کرے گا جو آرتھو پیڈک اور صدمے سے متعلق علاج کے لئے جموںوکشمیر یوٹی سے باہر جاتے ہیں ۔ مزید یہ کہ اسے ’’ سٹیٹ آف آرٹ اِنسٹی چیوٹ ‘‘ بنانے کے لئے مرحلہ وار وقت اور دیگر سہولیات بتدریج تیا ر کی جائیں گی۔متعلقہ اَفراد کو ریڈیالوجی اور دیگر تشخیصی خدمات اور بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال کے دیگر آپریشنل پہلوئوں کے لئے تمام مناسب اِنتظامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔میٹنگ میں پرنسپل جی ایم سی جموں ، ڈائریکٹر فائنانس صحت و طبی تعلیم ، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو جی ایم سی جموں، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایم ایس سی ایل ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ صحت و طبی تعلیم ، نوڈل آفیسر ( کوآرڈی نیشن) بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال جموں کے علاوہ سینئر اَفسران اور محکمہ صحت و طبی تعلیم کے اَفسران نے شرکت کی۔