جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں جموںوکشمیر یوٹی میں خریف فصلوں کے لئے بیجوں کی خریداری اور تقسیم کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں سیکرٹری زرعی پیداوار محکمہ ، ڈائریکٹر جنرل پلاننگ زرعی پیداوار محکمہ ، ڈائریکٹر زراعت جموں ، ڈائریکٹر زراعت کشمیر ، جوائنٹ ڈائریکٹر جموں اے پی ڈی اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جبکہ کشمیر میں مقیم اَفسران نے بذریعہ آن لائن میٹنگ میں حصہ لیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ خریف سیزن کے لئے بیجوں کی خریداری کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ کسانوں کو معیاری اور تصدیق شدہ بیج بروقت فراہم کئے جائیں ۔اَتل ڈولو نے اَفسران سے کہا کہ وہ ہر فصل کے بیج کی زون وار ضرورت کے بارے میں تفصیلی رِپورٹ تیار کریں تاکہ اِس کے مطابق بیج کسانوں میں تقسیم کئے جائیں ۔اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ ہر متبادل دِن دھان ، مکئی ، سبزیوں ، جوار اور آلو جیسی فصلوں کے بیج کی دستیابی اور تقسیم کے فیصد کے حوالے سے رِپورٹ متعلقہ محکمانہ ونگوں کو پیش کریں ۔اُنہوں نے اَفسران سے یہ بھی کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ کاشت کاروں کو بروقت بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اِس سے قبل میٹنگ میں پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی گئی جس میں کسانوں میں بیج کی خریداری اور تقسیم کی صورتحال پر روشنی ڈالی گئی۔بعد میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جموںوکشمیر یوٹی میں سیڈ چین پورٹل کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ کے لئے ایک اور میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مرکزی وزارتِ زراعت اوربہبود کسانا ں نے ڈیجیٹل موڈ میں بیج سر ٹیفکیشن کے عمل کے مختلف پیرا میٹروں کو حاصل کرنے کے لئے ’’ ساتھی‘‘ ( بیج کی تصدیق ، ٹریس ایبلٹی اور ہولیسٹک انوینٹری) کے نام سے ایک مرکزی آن لائن نظام کا تصور اور تخلیق کیا ہے ۔ اِس اَقدام کا مقصد موجودہ سیڈ سرٹیفکیشن سسٹم کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ جموں میں تقریباً 150 اَفراد نے درخواست دی ہے اور صوبہ کشمیر میں 221 اَفراد نے پورٹل میں اَپنے بیجوں کی تصدیق کے لئے درخواست دی ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ 15 ؍اپریل تک سکیم کے تحت ہدف بنائے گئے کسانوں کی کوریج کے حوالے سے تمام رسمی کارروائیوں کو مکمل کریں۔










