سیاحوں کو پریشانیوں کا سامنا ، ٹاور نصب کرنے کا حکام سے کیا مطالبہ
سرینگر// مشہور سیاحتی مرکز یوسمرگ میں موبائیل ٹاور کی عدم دستیابی کے نتیجے میں وہاں جانے والے سیاحوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سی این آئی کو اس ضمن میں نمائندے امان ملک نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ یوسمرگ میں موبائل ٹاور کی عدم دستیابی سے وہاںجانے والے مقامی و غیر ملکی سیاحوںکا رابطہ بیرون دنیا سے کٹ کر رہ جاتا ہے۔ نمائندے سے بات کرتے ہوئے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے بتایا کہ وہ یوسمرگ سیاحتی سرگرمیوں کیلئے جو نہی پہنچے تو انہیں وہاں موبائل نیٹ ورک دستیاب نہ ہونے سے دقتوں کا سامنا کرنا پڑا اور ان کا گھر والوں اور دیگر رشتہ داروں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ دلی سے تعلق رکھنے والی ایک سیاح نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ موبائیل ٹاور سیاحتی مقامات پر نہ ہونے کے باعث انہیں پریشانی ہوئی کیونکہ ان کا رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا۔ انہوںنے بتایا کہ سیاحتی مقام پر موبائیل نیٹ ورک دستیاب نہ ہونا انتہائی افسوناک ہے کیونکہ سیاحتی علاقوںکا فروغ دینے میں آج کل کے اس تیز اور ترقی کے دور میں موبائیل فون کا رول انتہائی اہم ہے تاہم جب سیاحتی مقام پر ہی موبائیل ٹاور دستیاب نہ ہو تو کس طرح سے سیاحتی مقامات کی تشہیر کی جا سکتی ہے۔ ایک اور سیاح نے بتایا کہ وہ حیران رہ گئے جب انہوں نے اپنا فون بیکار پایا۔ انہوں نے بتایا کہ جونہی وہ یوسمرگ میں داخل ہو ئے تو انہوں نے دیکھا کہ موبائیل نیٹ ورک ہی غائب ہے جس کے باعث انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں جلد از جلد موبائیل ٹاور نصب کریں۔










