لداخ کے مختلف گروپوں نے دہلی میں احتجاج کیا

ریاست کا درجہ دینے، چھٹے شیڈول کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا

سرینگر//لداخ سے تعلق رکھنے والے کئی تنظیموں نے دلی کے جنتر منتر پر دھرنادیکر ریاستی درجہ کے مطالبے کو لیکر احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کے لوگوں سے جو وعدے کئے گئے تھے وہ مرکزی سرکار نے پورے نہیں کئے ۔ سی این آئی کے مطابق لداخ کی مختلف تنظیموں جن میں لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس شامل ہیں نے ریاست کے درجہ کی بحالی کیلئے احتجاج بلند کیا ۔ اس موقعے پر لداخ کی سماجی، ثقافتی اور سیاسی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ سینکڑوں عام لداخی آبزرویٹری میں جمع ہوئے احتجاج کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی آواز حکومت تک پہنچے گی۔احتجاج پر بیٹھے لوگوں نے کہا کہ ان کی روایات، نسلی شناخت، وسائل اور سلامتی آج داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ ہمارا مطالبہ بہت سادہ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ لداخ میں جمہوریت کو ریاست کا درجہ دے کر بحال کیا جائے، اور اسے آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت لایا جائے،اس موقع پر بی جے پی کے سابق ممبر پارلیمنٹ ” تھوپستان چھیوانگ نے کہاکہ لداخ ماحولیاتی لحاظ سے ایک حساس علاقہ ہے اور مقامی لوگوں سے مشاورت کے بغیر ترقیاتی سرگرمیاں نقصان دہ ہوں گی۔شمسی توانائی کے ایک بڑے منصوبے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، لیکن جو علاقہ مختص کیا گیا ہے وہ خانہ بدوش لوگوں کا علاقہ ہے جو پشمینہ پیدا کرنے کے لیے مشہور ہیں۔ یہ انہیں بے گھر کر دے گا کیونکہ ان کی بھرپور چراگاہیں چلی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، اس کا اثر علاقے کے ماحول پر بھی پڑے گا،‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر لداخ کے لوگوں کا فیصلہ سازی میں کوئی رائے لی جائے تو ہم فیصلہ کریں گے کہ کس قسم کی صنعتیں لگائی جائیں۔ماحولیاتی کارکن اور ماہر تعلیم سونم وانگچک نے بی جے پی پر لداخ کو چھٹے شیڈول کے تحت شامل کرنے کے اپنے وعدے سے مکرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ لداخ کویو نین ٹریٹری بننے کے وقت جو ہم سے وعدے کئے گئے تھے ان کو سرکار نے پورا نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی علاقہ قراردینے کے وقت ہم نے خاموشی اختیار کرلی تھی تاہم اب اس پر بات کرنا جرم بن گیا ہے ۔ اگر لداخ میں نوجوان چھٹے شیڈول کی بات کرتے ہیں تو انہیں حراست میں لے لیا جاتا ہے ۔ کرگل کے سابق ایم ایل اے اصغر علی کربلائی نے کہا کہ لداخ کے لیے ریاست کا درجہ اہم ہے کیونکہ یہ ایک حساس خطہ ہے جس کی سرحدیں پاکستان اور چین دونوں سے ملتی ہیں۔ہم نے اپنے خون سے سرحدوں کی حفاظت کی ہے… آج ہم دہلی میں ہیں، یہ نعرہ لگا رہے ہیں کہ ہمیں تحفظ اور سلامتی کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر سکم کو ریاست کا درجہ مل سکتا ہے تو لداخ کو کیوں نہیں؟سیاستدان اور کارکن سجاد حسین نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ حکومت ان کے مطالبات پر توجہ دے گی اور ان کی بات سنے گی۔لیہہ اپیکس باڈی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس مشترکہ طور پر یہ احتجاج کر رہے ہیں۔ ہم ایک چار نکاتی ایجنڈا اٹھا رہے ہیں، جس کے تحت ہمارے مطالبات لداخ کو ریاست کا درجہ، آئین کے تحت چھٹا شیڈول، نوکریوں میں ریزرویشن، لداخ کے لیے علیحدہ پبلک سروس کمیشن، اور لیہہ اور کارگل کے لیے دو پارلیمانی نشستیں شامل ہیں۔جب آرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ کیا گیا تو لداخ کو بغیر مقننہ کے مرکزی زیر انتظام علاقہ بنا دیا گیا اور جموں و کشمیر کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیا گیا۔پچھلے دو سالوں میں، لیہہ اور کارگل دونوں جگہوں پر لداخ کے لوگوں کے مفادات کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرے ہوئے ہیں۔اس سال جنوری میں، وزارت داخلہ نے لداخ کے لوگوں کے لیے “زمین اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانے” کے لیے وزیر مملکت نتیانند رائے کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔تاہم لیہہ اور کارگل سے تعلق رکھنے والے دونوں اداروں نے کمیٹی کو مسترد کر دیا، اور اس کے زیراہتمام ہونے والی کسی بھی میٹنگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، یہ کہتے ہوئے کہ اس کے مینڈیٹ میں ان کے اٹھائے گئے مسائل کا ذکر نہیں ہے۔