Weather

خشک موسم کے بیچ کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ

17 فروری تک کبھی کبھارمطلع ابر آلود لیکن بنیادی طور پر خشک:محکمہ موسمیات

سری نگر//دوران شب سری نگرسمیت بیشتر میدانی وبالائی علاقوںمیں درجہ حرارت میں اچانک گرائوٹ کے بیچ پیر کے روزپوری کشمیر وادی کے علاوہ خطہ پیرپنچال،وادی چناب اور جموں صوبے کے دیگر علاقوںمیں موسم خشک رہا۔اس دوران کھلتی دھوپ بھی نکلی اورپھر دھوپ چھائوںکاکھیل بھی جاری رہا۔اُدھر محکمہ موسمیات نے 17فروری تک پورے جموں وکشمیرمیں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردارکیاکہ بالائی علاقوںمیں برفانی تودے گرآنے کابڑھ گیاہے ،اسلئے لوگ نقل وحمل میں احتیاط برتیں ۔جے کے این ایس کے مطابق اتوار کے روز پورے دن موسم خشک رہنے اور کئی گھنٹے کھلتی دھوپ نکلنے کے بعدرات کے وقت درجہ حرارت میں کافی گراوٹ آئی ۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ اتوار اور پیرکی درمیانی رات سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجو معمول سے0.8 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیرکی درمیانی رات قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.6، پہلگام میں منفی10.0، کپواڑہ میں منفی5.7،، کوکرناگ میں منفی4.6،، گلمرگ میں منفی11.0،اننت ناگ میں منفی4.5، بارہمولہ میں منفی3.7، گلمرگ (کونگ ڈوری اسٹیشن) میں منفی9.1،پانپور میں منفی5.5،، اونتی پورہ میں منفی5.3، سری نگر ہوائی اڈہ میں منفی3.9 اور شوپیان میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی5.7ڈگی سینٹی گریڈدرج کیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بیشتر میدانی اوربالائی علاقوںمیں دوران شب درج کیاگیا درجہ حرارت معمول سے نیچے تھا۔اس دوران اتوار کی طرح پیر کوبھی صبح سے سری نگرسمیت پوری کشمیر وادی میںکھلتی دھوپ بھی نکلی اورپھر دھوپ چھائوںکاکھیل بھی جاری رہا۔دن کے وقت دھوپ نکلنے سے درجہ حرارت میں کافی بہتری محسوس کی گئی ،اور لوگوںکوبھاری بھرکم گرم ملبوسات بوجھ لگے ۔اُدھر محکمہ موسمیات نے 13سے 17فروری تک پورے جموں وکشمیرمیں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردارکیاکہ بالائی علاقوںمیں برفانی تودے گرآنے کابڑھ گیاہے ،اسلئے لوگ نقل وحمل میں احتیاط برتیں ۔