اَتل ڈولو نے زراعت میں مرکزی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا

جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے آج سول سیکرٹریٹ میں سٹیٹ لیول ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی ۔ یہ میٹنگ آئندہ مالی برس 2023-24ء میں سیڈ اینڈ پلانٹنگ میٹریل پر سب مشن ( ایس ایم ایس پی ) اور پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا ( پی ایم کے ایس وائی ) سمیت مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔اِس موقعہ پر اِنٹر ڈیپارٹمنٹ ورکنگ گروپ ( آئی ڈی ڈبلیو جی ) برائے ایگری کلچر ایکسٹنشن اور نیشنل فوڈ سیکورٹی مشن کی میٹنگ بھی منعقد ہوئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے 2023-24 ء کے لئے مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت مجوزہ سالانہ ایکشن پلان کو جمع کرنے کی منظوری دی اور آخری تاریخ مقرر کی۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کاشت کار برادری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے متحرک رہیں اور اِس شعبے کی مجموعی ترقی میں اَپنا حصہ اَدا کریں۔اُنہوں نے کہاکہ رواں مالی برس میں ان سکیموں کی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اُنہوں نے مزید کہا ،’’ یہ ضروری ہے کہ ایکشن پلانز اور ضروری رِپورٹوں کو جلد اَز جلد مرکزی حکومت کو پیش کیا جائے تاکہ فنڈز بروقت تکمیل اور تقسیم کی جاسکے۔‘‘اُنہوں نے جموںوکشمیر میں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی ترقی کے لئے مختص فنڈز کے اِستعمال کی اہمیت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے کہا،’’ سیکٹر کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے فنڈز کو بروقت اور مؤثر طریقے سے اِستعمال کیاجانا چاہیے۔‘‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا ،’’ ہمیں شعبوں کی مجموعی ترقی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے اَفسران کے درمیان ہم آہنگی بہت ضروری ہے ۔‘‘دوران میٹنگ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور اَفسران نے سکیموں کے مطلوبہ مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے مختلف حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جموںوکشمیر میں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے وسائل کے مؤثر اِستعمال کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود شیتل نندا ، سیکرٹری اے پی ڈی شبنم کاملی ، کمیٹی کے ممبران بشمول سینٹرل سپانسرڈ سکیموں کے مشن ڈائریکٹران، ڈائریکٹر زراعت جموں کے کے شرما، اور ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں شبھرا شرما، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں کرشن لال ، ڈائریکٹر ایچ پی ایم سی ڈاکٹر ارون منہاس کے علاوہ جموںوکشمیر کے سینئر اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی