J&K AYUSH celebrates World Unani Day

جے اینڈ کے آیوش نے عالمی یونانی دن2023 منایا

سرینگر// ڈائریکٹوریٹ آف انڈین سسٹم آف میڈیسن آئی ایس ایم ( ایوش ) جموں و کشمیر نے یہاں ایس کے آئی سی سی میں عالمی یونانی دن منانے کیلئے ایک عظیم الشان سیمینار کا انعقاد کیا ۔ عالمی یونانی دن ایک عالمی تقریب ہے جو ہر سال 11 فروری کو منعقد ہوتی ہے ، جو عظیم یونانی اسکالر اور سماجی مصلح ’’ حکیم اجمل خان ‘‘ کی سالگرہ کے موقع پر منایا جاتا ہے ۔ تقریب منانے کا بنیادی مقصد ملک اور باقی دُنیا میں یونانی نظام طب کی پائیدار ترقی میں عظیم الشان خدمات پر حکیم اجمل خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور دُنیا بھر میں طب کے یونانی نظام کے ذریعے عوام میں صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے ۔ اس تقریب میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار ، پرنسپل گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج گاندر بل کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس سال کے عالمی یونانی دن کا تھیم ’’ عوامی صحت کیلئے یونانی میڈیسن ‘‘ ہے ۔اس موقع پر مہمان خصوصی بھوپندر کمار نے اپنے خطاب میں حکیم اجمل کی جانب سے یونانی نظام ادویات کی ترقی میں ادا کئے گئے کردار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ہی سائنس اور شواہد کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے یونانی نظام کو دُنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام اور صحت کا فروغ یونانی کا بنیادی مقصد ہے اور موجودہ حکومت نے اس کے فروغ کیلئے نمایاں کوششیں کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، روائتی ادویات وقت کے ساتھ ساتھ بڑھ رہی ہیں ۔ انہوں نے آیوش جموں و کشمیر کے ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ کئے گئے کام کی تعریف کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اخلاقیات پر قائم رہیں تا کہ لوگوں میں مزید اعتماد پیدا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ پریکٹیشنرز پر بہت کچھ انحصار کرے گا کہ وہ اخلاقیات کے اعلیٰ ترین معیارات کو کس طرح برقرار رکھیں گے اور یہی حکیم اجمل کو ان کی تعلیمات کو اپنا کر ان کی میراث کو آگے بڑھانا بہترین خراجِ عقیدت ہو گا ۔ ڈائریکٹر آیوش جموں و کشمیر ڈاکٹر موہن سنگھ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عالمی یونانی دن کے مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ ضلع نوڈل آفیسر آیوش پلوامہ ڈاکٹر مشتاق احمد پرے نے ’’ عوامی صحت میں یونانی میڈیسن ‘‘ کے موضوع پر کلیدی خطبہ دیا ۔