کابینہ کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں متعارف کرایا جائے گا، سیشن کے دوسرے نصف میں قانون سازی کاامکان
سرینگر//جموں وکشمیرمیں پہاڑیوں اور دیگر کو درج فہرست قبائل (ST) کے طور پر شامل کرنے، دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کو ریزرویشن دینے اور والمیکیوں کو شیڈولڈ کاسٹ کے طور پر شامل کرنے کے مسودے کا مسودہ جاری بجٹ اجلاس میں پارلیمنٹ میں پیش کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق ایک میڈیا رپورٹ میں قابل اعتماد ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیاگیاہے دسمبر2022 میں پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران بل پیش نہیںکئے جا سکے تھے کیونکہ اس میں ایک ہفتہ کی کمی تھی۔تاہم، بقول ذرائع ابجموں و کشمیر کی ریزرویشن بلوں کے مسودے تیار ہیں اور مارچ 2023میں بجٹ اجلاس کے دوسرے نصف حصے میں پارلیمنٹ میں پیشکئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق تمام متعلقہ مرکزی وزارتوں نے اپنے تبصرے اور آراء مرکزی قبائلی امور کی وزارت کو بھیج دی ہیں۔ جبکہ سماجی انصاف اور بااختیار بنانے اور قانون و انصاف کی مرکزی وزارتوں کی طرف سے اہم سفارشات دی گئی ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ، جو کہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے نوڈل وزارت ہے، نے قبل ازیں قبائلی امور کی مرکزی وزارت کو اپنی سفارش پیش کی تھی۔ذرائع نے کہاکہ مجاز اتھارٹی نے بلوں کے مسودے کی منظوری دے دی ہے جنہیں حتمی شکل دے دی گئی ہے۔بمطابق میڈیا رپورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ تینوں بلوں کے مسودے کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے پہلے کابینہ سے منظوری لینی ہوگی۔جموں و کشمیر حکومت نے جسٹس (ریٹائرڈ) جی ڈی شرما کی سفارشات کی بنیاد پر اپنے خط نمبر SWD-BCC/14/2022 کے ذریعے پہاڑی نسلی گروپ، پڈاری قبیلہ، کولی اور گڈا برہمنوں کو جموں وکشمیر کی شیڈولڈ ٹرائب کی فہرست میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی۔اس میں کہا گیا کہ منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق جموں و کشمیر کی انتظامیہ کی تجویز کو تبصروں و خیالات کے لیے رجسٹرار جنرل آف انڈیاکو بھیجا گیا جس نے بھی مشاہدات پیش کیے اور جموں و کشمیر انتظامیہ کی تجویز کی حمایت کی۔مزیدبرآں، اس میں کہا گیا ہے، جموں و کشمیر حکومت کی تجویز کو آر جی آئی کے تبصروں کے ساتھ نیشنل کمیشن فار شیڈول ٹرائب (NCST) کو بھیجا گیا تھا۔ اس کے بعد، NCST نے بھی اس تجویز کی حمایت کی۔اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کی تجویز کو تمام متعلقہ وزارتوں اور کمیشنوں وغیرہ نے جانچا اور اسے منظوری دی۔ذرائع کے مطابق اس میں کہا گیاکہبین وزارتی مشاورت کیلئے مسودہ کابینہ کے نوٹ کو گردش میں لایا گیا اور اسے وزیر اعظم کے دفتر اور کابینہ سیکریٹریٹ کو مطلع کیا گیا۔اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں OBC کو پہلی بار ریزرویشن دینے کا عمل مکمل کیا گیا۔ایک اور قانون کے مطابق والمیکیوں کو بھی ایس سی کے طور پر شامل کیا جائے گا۔پہاڑی نسلی قبیلے کو درج فہرست قبائل کے تحت لانے کا اعلان سب سے پہلے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گزشتہ سال4 اور 5، اکتوبر کو راجوری اور بارہمولہ میں اپنی ریلیوں میں کیا تھا۔ ریزرویشن جی ڈی شرما کمیشن کی رپورٹ کی سفارشات پر مبنی تھی۔مرکزی وزیر داخلہ نے تاہم یہ واضح کیا تھا کہ پہاڑیوں کو شیڈول ٹرائب زمرہ کے تحت ریزرویشن دینے سے اس زمرے کے تحت پہلے سے گجروں اور بکروالوں کو دئیے گئے ریزرویشن کو کم نہیں کیا جائے گا۔اس کے علاوہ پڈاری قبیلہ، کولی اور گڈا برہمنوں کو بھی ایس ٹی کا درجہ ملے گا۔جموں و کشمیر میں پہلی بار دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کے ریزرویشن میں توسیع کی جائے گی۔ ان کے پاس ابھی تک جموں و کشمیر میں ریزرویشن نہیں ہے۔ تاہم، دیگر سماجی ذاتوں (OSCs) کو یونین ٹیریٹری میں چار فیصد ریزرویشن دیا گیا تھا۔قومی سطح کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں او بی سی کو 27 فیصد ریزرویشن دیا گیا ہے۔والمیکیوں کی ایک بڑی آبادی کو شیڈول ٹرائب زمرے میں ریزرویشن سے بھی انکار کر دیا گیا تھا کیونکہ پنجاب سے ان کی نقل مکانی کی وجہ سے انہیں آرٹیکل 370 کے پیش نظر اسٹیٹ سبجیکٹ کے حقوق نہیں دیے گئے تھے۔ انہیں اب ایس سی زمرہ میں شامل کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ میں علیحدہ ترمیم بھی پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے جس میں حد بندی کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر قانون ساز اسمبلی میں کشمیری پنڈتوں کو2نشستیں ریزرویشن دی جائیں گی۔جسٹس (ریٹائرڈ) رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں پینل نے یہ بھی تجویز کیا تھا کہ مرکز پاکستان کے زیر قبضہ جموں کشمیر پناہ گزینوں کے لیے ریزرویشن پر غور کر سکتا ہے۔










