کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈے ساگر دتاترے نے آج دُور دراز اور سرحدی علاقے کیرن کا دورہ کیا اور ضروری سامان کا جائزہ لیا اور لوگوں کے ترقیاتی مسائل سنے۔اُنہوںنے اَفسران اور پی آر آئی کی مشترکہ میٹنگ طلب کی۔اُنہوں نے وہاں ضروری سامان ، صحت ، بجلی ، تعلیم ، سماجی بہبود اور دیگر محکموں کے علاوہ ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائزہ لیتے ہوئے جانکاری دی گئی کہ علاقے میں وافر مقدار میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ دستیاب ہیںجو اِس برس مئی تک لوگوں کی ضروریات کو پورا کرسکیں گی۔اُنہوں نے چیئرپرسن بی ڈی سی اور پی آر آئی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ان کے ترقیاتی مسائل سنے ۔دور ے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہیلتھ سینٹر کیرن کا معائینہ کیا او رکیرن بلاک میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفسران کو مزید لگن سے کام کرنے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ کیرین ایک دُور اُفتادہ علاقہ ہے اور لوگوں کو اِنتظامیہ سے زیادہ توقعات وابستہ ہیں ۔ اِس لئے تمام اَفسران اور فیلڈ اَفسران کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے فعال کردار اَدا کریں۔ڈاکٹر ڈائیفوڈ ے ساگر دتاترے کے ہمراہ سی ایم او کپواڑہ ، ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی ، بی ایم او اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔










