Dr Syed Sehrish Chairs Meet, Finalizes Arrangements for RD Function 2023

ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے یوم جمہوریہ 2023ء کی تقریبات کے اِنتظامات کو حتمی شکل دی

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے یوم جمہوریہ 2023ء کی تقریبات کے اِنتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں متعلقہ اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلع میں یوم جمہوریہ کو پُر اَمن طریقے سے منانے کے حوالے سے مختلف اَمور پر تبادلہ خیال ہوا۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ ضلع میں مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بارہمولہ میں منعقد کی جائے گی اور اِسی طرح کی تقریبات ضلع کے تمام سب ڈویژنوں میں بھی منعقد کی جائیں گی۔دورانِ میٹنگ بتایا گیا کہ مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بارہمولہ میں قومی پرچم لہرائیں گے اور مارچ پاسٹ کی سلامی لیں گے جسے جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ، این سی سی اور سکولی بچوں کے دستے پیش کریں گے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے سیکورٹی اِداروں سے کہا کہ وہ ضلع بھر میں تمام مقامات پر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے تمام محکموں کے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ اِس قومی تقریب کے لئے نشستوں کے اِنتظامات ، بیر یکیڈ نگ ، سیکورٹی ، ٹریفک ریگو لیشن ، پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی ، صفائی ، فرسٹ اید اور پبلک ایڈریس سسٹم سمیت تمام اِنتظامات کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اِنجینئروں سے کہا کہ برف باری کی صورت میں اَفرادی قوت اور مشینری تیار رکھیں۔بعد میں ایک اور میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں 13 ویں نیشنل ووٹر ڈے کی تقریبات کے لئے پلان اور سرگرمیوں کو بھی حتمی شکل دی اور اُنہوں نے تمام متعلقہ اَفسران کو پروگرام کو احسن طریقے سے اَنجام دینے کی ہدایت دی۔