مشیر بٹھناگر نے جے جے ایم کے تحت جموں و کشمیر میں جاری کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا

جموں//لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے جموں و کشمیر میں جل جیون مشن ( جے جے ایم ) کے تحت جاری کام کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں جل شکتی محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا ، مشن ڈائریکٹر جے جے ایم ڈاکٹر سید عابد رشید ، چیف انجینئر پی ایچ ای جموں /کشمیر، جے جے ایم کے تکنیکی مشیر ، تمام اضلاع کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے ذاتی طور پر اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران مشیر نے نشاندہی کی کہ کچھ اضلاع میں کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت ہے اور دونوں چیف انجینئرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے ڈویژنوں میں کام کی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور اس پر ماہانہ پیش رفت رپورٹ پیش کریں ۔ انہوں نے چیف انجینئرز اور تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام جاری کاموں کو ان کی بروقت تکمیل کیلئے تیز کریں ۔ اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ جل جیون مشن مرکزی حکومت اور یو ٹی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، مشیر بٹھناگر نے افسروں کو تاکید کی کہ اس باوقار پروجیکٹ کے تحت مختلف کاموں کو انجام دینے کے دوران کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی ۔ انہوں نے افسران کو مشن موڈ میں کام کرنے کی تلقین کی تا کہ جموں و کشمیر کے تمام شہریوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہو سکے ۔ ٹینڈرنگ اور کاموں کی الاٹمنٹ کے عمل کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے دونوں چیف انجینئرز پر زور دیا کہ وہ جے جے ایم کے تحت مختلف کاموں کی ٹینڈرنگ اور الاٹمنٹ کے عمل کو تیز کریں ۔ انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ وہ اس باوقار اسکیم کے بروقت اور موثر نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان تال میل اور بہتر ہم آہنگی کو برقرار رکھیں ۔ مشیر موصوف نے چیف انجینئرز پر زور دیا کہ وہ مستقل بنیادوں پر یوٹیلائیزیشن سرٹیفکیٹ جمع کرائیں اور ان سے مرکزی وزارت کے سوالات کے بروقت جواب دینے کو بھی کہا ۔ انہوں نے ان سے یہ بھی کہا کہ وہ جے جے ایم کے تحت باقی تمام کاموں کیلئے پہلے سے ہی ٹینڈرز کا شیڈول تیار کریں تا کہ یہ پروجیکٹ اس سال جون کے آخر تک مکمل ہو جائے ۔ میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر دونوں ڈویژنوں کے چیف انجینئرز نے مشیر کو مشن کے نفاذ میں حاصل ہونے والی پیش رفت کے ساتھ ساتھ جاری کاموں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن کے ذریعے آگاہ کیا ۔