کورٹ کمپلیکس بڈگام کے قریب منگل کی صبح مختصرمگرہلاکت خیز تصادم آرائی

کالعدم تنظیم LeTسے وابستہ2مقامی ملی ٹنٹ ازجان :وجے کمار

بڈگام//وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں منگل کی صبح ایک مختصر تصادم آرائی کے دوران2مقامی ملی ٹنٹ مارے گئے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وجئے کمارنے مہلوک ملی ٹنٹوںکاتعلق لشکر طیبہ سے بتاتے ہوئے کہاکہ دونوں ایک حالیہ انکائونٹر کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے ۔اُدھر پولیس نے کہاکہ جائے جھڑپ سے ملی ٹنٹوںکی نعشیں اور اسلحہ وگولی بارود برآمد کرکے ضبط کیاگیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے مین ٹائون میں منگل کی صبح ایک ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس وفورسزکی مشترکہ پارٹی کاایک گاڑی میں سوار ملی ٹنٹوں سے سامنا ہوا۔کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایاکہ ملی ٹنٹوںکی نقل وحمل سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس اورفوج نے بڈگام قصبہ میں کورٹ کمپلیکس کے قریب ایک ناکہ لگایاتھا۔پولیس کے مطابق اس دوران یہاں سے ایک مشتبہ گاڑی گزری ،جس کو رُکنے کااشارہ کیاگیا لیکن اس میں سوار ملی ٹنٹوںنے فائرنگ شروع کردی ۔کشمیرزون پولیس کے مطابق ناکہ چیکنگ پر مامور پولیس وفوج کی مشترکہ پارٹی نے جوابی کارروائی عمل میں لائی ،اور مختصر تصادم آرائی میں 2ملی ٹنٹ مارے گئے ۔انہوںنے مزیدکہاکہ طرفین کے درمیان فائرنگ کاتبادلہ منگل کی صبح تقریباً9بجکر50منٹ پرشروع ہوا،جوچند منٹوں تک جاری رہا۔پولیس نے کہاکہ جائے جھڑپ سے مارے گئے دونوں ملی ٹنٹوںکی نعشیں اور اسلحہ وگولی بارود برآمد کرکے ضبط کیاگیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وجئے کمارنے مہلوک ملی ٹنٹوںکاتعلق لشکر طیبہ سے بتاتے ہوئے کہاکہ دونوں ایک حالیہ انکائونٹر کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔کشمیر زون پولیس نے اے ڈی جی پی کشمیر کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں بتایاکہ بڈگام انکائونٹر میں مارے گئے ملی ٹنٹوں کی شناخت ارباز میر اور شاہد شیخ ساکنہ پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے، جن کا تعلق کالعدم ملی ٹنٹ تنظیم ایل ای ٹی یعنی لشکر طیبہ سے ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون نے کہاکہ مارے گئے دونوں مقامی ملی ٹنٹ اس سے قبل حالیہ انکاؤنٹر سے فرار ہوگئے تھے۔