سری نگر ہوائی اڈے پرصبح کے وقت برف باری اورحدنگاہ کم

پروازوںکی آواجاہی معطل،طے شدہ34پروازیںمیں سے25 منسوخ کردیں:حکام

سری نگر//دوران شب سے برف وباراںکاتازہ سلسلہ شروع ہونے کے بعد ائرپورٹ حکام نے جمعہ کی صبح 10بجے سے سری نگر ہوائی اڈے کوپروازوںکی آواجاہی کیلئے بند کردیا،اور دن بھرکیلئے باقی طے شدہ 25پروازوں کومنسوخ کردیاگیا۔پروازوںکی آواجاہی معطل اور پھر منسوخ ہونے کے بعدسری نگر ہوائی اڈے پر افراتفری کی صورتحال پیداہوئی کیونکہ بڑی تعدادمیں یہاں مسافر مختلف شہروں کیلئے روانہ ہونے کی غرض سے یہاں پہنچے تھے ۔جے کے این ایس کے مطابق جمعہ کی صبح تیزی بارش اور برف باری کاسلسلہ شروع ہونے کے بعد ائرپورٹ حکام نے صبح 10بجے سے اس بناء پر پروازوںکی آواجاہی پہلے معطل اور پھر منسوخ کردی ،کیونکہ ہوائی اڈے پر برف باری ہورہی تھی اور حدنگاہ بھی کم تھی ۔سری نگر ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ نے کہاکہ مسلسل برف باری اورحدنگاہ کم ہونے کی وجہ سے صبح 10بجے سے تمام پروازویں منسوخ کردی گئیں۔حکام نے بتایاکہ کشمیر میں برف باری اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے صبح10 بجے سے کشمیر آنے اور یہاں سے جانے والی پروازوں کومنسوخ کیاگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ برف باری اور کشمیر بھر میں حدنگاہ کم ہونے کے باعث سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے طے شدہ 34 پروازوں میں سے25 کو منسوخ کرنا پڑا۔اُدھر پرواز کی منسوخی سے ہوائی اڈے پر افراتفری کے مناظر دیکھنے میں آئے کیونکہ سینکڑوں مسافر مختلف شہروں کیلئے روانہ ہونے کی غرض سے یہاں پہنچے تھے۔