اننت ناگ//آئی پی ایس آفیسر رئیس محمد بٹ نے بدھ کوڈی آئی جی جنوبی کشمیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعدکہاکہ منشیات سمیت سماجی برائیوں کاخاتمہ اہم ترجیح ہوگی ۔جے کے این ایس کے مطابق سابق ایس ایس پی بارہمولہ اور2010بیچ کے آئی پی ایس آفیسر رئیس محمدبٹ نے پولیس محکمہ میں ہوئے حالیہ تبادلوں وتقرریوں کے تحت بدھ کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی کشمیر کا عہدہ سنبھال لیا۔2019میں JKPMG کے علاوہ2016 اور 2018 میں بہادری کیلئے پولیس میڈل حاصل کرنے والے، رئیس محمدبٹ کا گزشتہ ہفتے کے آخر میں تبادلہ کیا گیا تھا اور ایک دستیاب اسامی کے خلاف انچارج ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رینج، اننت ناگ کے طور پر تعینات کیا گیا تھا، جہاں سے سوجیت کمار کواس عہدے کے اضافی چارج سے فارغ کیا گیا تھا۔ آئی پی ایس افسر رئیس محمدبٹ کایہاں شاندار استقبال کیاگیا ،اورانہوںنے یہاں استقبالیہ تقریب میں شرکت کی ۔انہوںنے ڈی آئی جی جنوبی کاچارج سنبھالنے کے بعد کہا کہ وہ سماج کو مختلف برائیوں سے نجات دلانے کیلئے عوامی تعاون کے منتظر ہیں۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو آگے آنا چاہیے اور ہمیں مل کر معاشرے کو بچانے اور منشیات سمیت مختلف برائیوں سے نجات دلانی چاہیے۔ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رئیس محمد بٹ نے کہا کہ عوام کا تحفظ اور سلامتی پولیس کا اولین مقصد ہے اور وہ اس کوشش میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔










