11سے13جنوری تک برف وباراں ہونے کاامکان ،14سے17جنوری تک موسم خشک:محکمہ موسمیات
سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات سے برف وباراں کاتازہ سلسلہ شروع ہوگیا،جس دوران گلمرگ ،سونہ مرگ ،وادی گریز اور دیگر کچھ بالائی علاقوںمیں برف باری کاسلسلہ شروع ہوگیا،جو ابھی جاری ہے اورشام تک اس میں شدت آنے کاامکان ہے جبکہ سری نگر سمیت شمالی اوروسطی کشمیرمیں ہلکی بارشوںکاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔موسمی صورتحال میں آئی تبدیلی کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری محسوس کی گئی لیکن برف وباراںکی وجہ سے دن کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے تازہ موسمیاتی ایڈوائزری میں کہاکہ 11جنوری کوبعددوپہر سے برف باری اور بارشوںمیں تیزی آسکتی ہے ۔محکمہ ھٰذا کے ایک ذمہ دار نے بتایاکہ 12اور13جنوری کوجموں سمیت میدانی علاقوںمیں بارشیں اور بالائی مقامات پر بڑے پیمانے پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہونے کے نمایاں آثار موجودہیں۔محکمہ موسمیات نے تاہم پیش گوئی کی کہ جموں وکشمیرمیں 14سے 17جنوری تک بنیادی طور پر موسم خشک رہنے کاامکان ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق گلمرگ،سونمرگ کے سیاحتی مقامات اور گریز سمیت وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات تازہ برف باری ہوئی جبکہ سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں بدھ کو بارش ہوئی۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے بدھ کے روز کہا کہ اس وقت سونمرگ، گلمرگ،گریز اور وادی کشمیر کے دیگر اونچی علاقوں میں برف باری ہورہی ہے جبکہ شمالی اور وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ جموں کے میدانی علاقوں میں ابر آلود اور دھند بھی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ گلمرگ ،سونہ مرگ اورگریز سمیت بالائی علاقوں میں کئی انچ تک تازہ برف جمع ہوئی ہے اور برف باری کاسلسلہ جاری ہے ۔ادھر سری نگرسمیت وسطی کشمیر اور بارہمولہ سمیت شمالی کشمیر میں بدھ کومطلع ابرآلود ہونے کے بیچ صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی بارشوں کاسلسلہ جاری ہے ۔بالائی علاقوںمیں تازہ برف باری اور میدانی علاقوںمیں تازہ بارشیں ہونے سے پوری کشمیر وادی میں دن کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے کہاکہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.5 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا،جو معمول سے5.6 ڈگری زیادہ تھا۔ انہوںنے کہاکہ سری نگر میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بدھ کو صبح ساڑھے8 بجے تک0.3 ملی میٹر بارش ہوئی،اورسری نگر میں اس وقت بارش ہو رہی تھی۔انہوںنے کہاکہ شمالی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔انہوں نے بتایاکہ گلمرگ میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران بدھ کو صبح ساڑھے8 بجے تک6.6 سینٹی میٹر برف اور 6.0 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ یہاںبرف باری ہو رہی تھی۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ایک دن پہلے منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جو معمول سے 6.8 ڈگری زیادہ تھا۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران بدھ کو صبح ساڑھے 8بجے تک پہلگام میں ایک اعشاریہ ایک ملی میٹر بارش بھی ہوئی۔اُدھر سری نگر جموں قومی شاہراہ پر واقع قاضی گنڈ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوکرناگ میں گزشتہ رات کم سے کم پارہ 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی کشمیرکے سرحدی ضلع کپواڑہ میں گزشتہ رات کم سے کم پارہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جو معمول سے 4.4 ڈگری زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران بدھ کو صبح ساڑھے8 بجے تک کپوارہ میں 3.6 ملی میٹر بارش بھی ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے مزیدبتایاکہ وادی گریز میں دوران شب سے تازہ برف باری ہورہی ہے ،جسکے باعث یہاں کئی سڑکیں بند ہوگئی ہیں ۔دریںاثناء محکمہ سری نگرمیں قائم موسمیات کے دفتر نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے کہ 11اور12 جنوری کے دوران موسمی صورتحال نقل و حمل کو متاثر کر سکتی ہے،تاہم نقل وحمل میں رکائوٹ خاص طور پر اونچی جگہوں پرپیداہوسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کوشام اور رات سے برف باری اوربارش کی شدت میں بتدریج اضافہ ہونے کاامکان ہے،اور کچھ جگہوں پر، خاص طور پر اونچائی تک، بھاری برف باری ہو سکتی ہے۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ 12 جنوری کو جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور کشمیرمیں ہلکی سے درمیانی برف باری ہو سکتی ہے، جبکہ 13 جنوری کو چند مقامات پر ہلکی برف باری اوربارش ہو سکتی ہے۔تاہم محکمہ موسمیات نے کہاکہ14سے17 جنوری تک جموں وکشمیرمیں موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا۔










