6بھیڑ ہلاک،3زخمی ،ایک کوساتھ لے گیا، غریب کنبے کی مالی معاونت کی جائے،ڈی سی بارہمولہ سے اپیل
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے علاقہ شیری ناروائوکے گلستان پائین گائوںمیں پیر اور منگل کی درمیانی رات خونخوار تیندوے نے ایک گائو خانے میں داخل ہوکر یہاں موجود نصف درجن بھیڑوںکو ہلاک اور 3کو شدیدزخمی کردیاجبکہ وحشی جنگلی جانور ایک بھیڑ کوگھسیٹ کر نزدیکی جنگل لے گیا۔اس واقعے کولیکر پورے علاقے میں خوف وہراس کی لہردوڑ گئی ہے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق پیراور منگل کی درمیانی رات خونخوار تیندواگلستان پائین شیری ناروائو کے ایک غریب شہری محمداشرف ملک ولد حبیب اللہ ملک کے گائو خانے میں داخل ہوگیا۔متاثرہ کنبے کے افراد نے بتایاکہ یہ گائو خانہ کافی اونچا ہے لیکن اسکے باوجود خونخوار تیندوا ایک کھڑکی نما روش دان سے اندر گھس گیا،اوریہاں موجود بھیڑوں پر حملہ آور ہوگیا۔انہوںنے بتایاکہ تیندوے کے حملے میں 6بھیڑ مارے گئے ،3شدیدزخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک بھیڑ کوتیندوا گھسیٹ کر نزدیکی جنگل لے گیا۔اس واقعے کے بعدپورے علاقے میں خوف ودہشت کی لہردوڑ گئی ہے ،کیونکہ یہاں بہت سارے لوگ مویشی پالن سے وابستہ ہیں اوراُن کیلئے مویشیوںکوپالنا ہے ،اُن کاذریعہ معاش ہے ۔مقامی لوگوںنے اس واقعے پر سخت ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے الزام لگایاکہ محکمہ وائلڈ لائف جنگلی جانوروںکیخلاف بروقت کارروائی کرنے میں ناکام رہاہے ۔انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے اپیل کی کہ تیندوے کے حملے میں ناقابل تلافی نقصان سے دوچار ہونے والے غریب کنبے کی فوری مالی معاونت کی جائے ۔










