Sonam Lotus

10 دسمبر تک موسم خشک رہنے کاامکان :ماہر موسمیات سونم لوٹس

سری نگر//ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سری نگرمیں قائم مرکز کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے جمعرات کوکہاکہ کشمیر میں 10 دسمبر تک موسم خشک رہنے کاامکان ہے ،تاہم انہوںنے کہاکہ موسم خشک رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آئے گی ۔اس دورا ن موسمیاتی ماہرین نے کہاکہ یکم اور4دسمبر کوجموں وکشمیرکی اُفق پر مغربی ہوائوںکااثررہے گا ،تاہم ان سے موسم میں کسی تبدیلی کاامکان نہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق ماہرموسمیات سونم لوٹس نے کشمیر میں 10 دسمبر تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر کاکہناتھاکہ پیش گوئی کے مطابق10 دسمبر تک کسی بھی طرح کی برف باری یا بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ خشک موسم کی پیش گوئی کے درمیان وادی میں درجہ حرارت مزید نیچے جائے گا۔سونم لوٹس نے مزید کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئیلوگوں کو گرمی دینے والے آلات کا استعمال کرتے ہوئے مناسب احتیاط کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حرارتی آلات خاموش قاتل ہیں اور ان آلات کو استعمال کرتے وقت کمرے میں مناسب وینٹی لیشن کو یقینی بنانا ضروری ہے۔اس دوران موسمیاتی ماہرین نے کہاکہ 2 کمزور مغربی ڈسٹربنس یکم دسمبر اور 4 دسمبر کو جموں و کشمیر کو متاثر کرنے والے ہیں۔تاہم، دونوں مغربی ہوائیں بارشوں یابرفباری کا موجب نہیں بنیں گی۔