سپیشل سیل برائے خواتین کی جانب سے جانکاری پروگرام کا انعقاد
سرینگر//خواتین کو جنسی تشدد، گھریلو تشدد، جہیز سے متعلق تشدد اور زور زبردستی کے خاتمہ کیلئے سرینگر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں طالبات نے حصہ لیا جنہیں حقوق نسواں سے متعلق جانکاری فراہم کی گئی ۔ سی این آئی کے مطابق قومی کمیشن برائے خواتین حکومت ہند سے منسلک خصوصی سیل برائے خواتین پولیس سٹیشن نگین سرینگر کی جانب سے پائین شہر میں واقع ’ویشوا بھارتی کالج’’ میں ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں طالبات، اساتذہ اور خصوصی سیل سے وابستہ ذمہ داروں نے شرکت کی ۔ اس موقعے پر کہا گیا کہ وادی کشمیرمیں گھریلو تشدد ، ذہنی و جذباتی تشدد ، جہیز کا مطالبہ اور جہیز نہ لانے پر تشدد کے واقعات سامنے آرہے ہیں ۔ اس دوران مقررین نے خواتین پر زور دیا کہ وہ کسی بھی طرح کے تشدد کے خلاف آواز اُٹھائیں کیوں کہ قانون نے جو حقوق مردوں کو فراہم کئے ہیں وہ حقوق خواتین کو بھی فراہم کئے گئے ہیں۔سرینگر میں موجود سپیشل سیل مدد کی طلب گار خواتین کیلئے پولیس نظام کے اندر ، راداری کو برقرار رکھتے ہوئے بلا معاوضہ نفسیاتی ، سماجی وقانونی امداد فراہم کرتی ہے ۔ اس کے علاوہ نفسیاتی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ خاندان، برادری و دیگر تعلق داروں سے مل کر متاثرہ خواتین کیلئے سپورٹ سسٹم تیار کرتی ہہے ۔ جبکہ قانونی معلومات فراہم کرنا اور قانونی امداد سے متاثرہ خواتین کو جوڑنے میں مدد فراہم کی جاتی ہے ۔ تشدد کے خاتمہ اور خواتین کے بہترین مفاد کا طریقہ کار وضع کرتی ہے اس کے ساتھ ساتھ عارضی رہائش گاہ، پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں اور دیگر خدمات سے بھی ایسی خواتین کو جوڑا جاتا ہے اور ان کیلئے حفاظتی اقدامات اور طویل مدت کیلئے بااختیار بنانے جیسے کام سیل کی جانب سے انجام دیئے جاتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ وادی کشمیر میںخواتین کی جانب سے خود کشیوں کے بڑھتے واقعات تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں خاص کر گھریلو تشدد سے تنگ آکر خواتین اس طرح کے سخت اقدامات اُٹھاتے ہیں لھٰذا اس سے بچنے کیلئے قانونی صلاح و مشروع اور مدد ضرور طلب کریں۔










