سری نگر//موسم خشک اورمطلع صاف رہنے کے بعدپوری کشمیروادی سخت سردی کی لپیٹ میں آگئی کیونکہ شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آگیاہے جبکہ پہلگام اورگلمرگ سردترین مقامات رہے ،جہاں رات کاکم سے کم پارہ بالترتیب منفی4.2اور3.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ۔اُدھر جموں خطے میں بانہال کے بغیر سبھی مقامات پر درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیاگیا۔اس دوران جمعے کے روز دن بھر آسمان پر بادل چھائے رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکزسری نگرکے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے 19اور20نومبر کومیدانی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں اورمخصوص بالائی مقامات پر برف باری ہونے کاامکان ظاہر کیاہے تاہم موصوف ماہر موسمیات نے کہاہے کہ30نومبرتک کسی بھاری برف باری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔جے کے این ایس کے مطابق حالیہ کئی دنوں سے موسم خشک اوررات کے وقت آسمان صاف رہنے کے نتیجے میں پورے جموں وکشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں تیزی کیساتھ کمی واقع ہوئی ہے ،اور بیشتر علاقوںمیں پارہ معمول سے کئی کئی ڈگری سینٹی گریڈ کم درج ہواہے ۔محکمہ موسمیات نے جمعے کی صبح بتایاکہ جمعرات اور جمعتہ المبارک کی درمیانی رات وادی کشمیر اور لداخ میں زیادہ تر مقامات پر پارہ نقطہ انجماد سے نیچے سے نیچے گر گیاجبکہ بانہال کو چھوڑ کر، جموں و کشمیر اور لداخ کے تمام مقامات اس موسم میں معمول سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے یہاں بتایا کہ سری نگر میں جمعرات اور جمعتہ المبارک کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 0.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجومعمول سے 0.8نیچے تھا۔انہوںنے کہاکہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1,7 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔اُن کامزیدکہناتھاکہ جنوبی کشمیرمیں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں جمعرات اور جمعتہ المبارک کی درمیانی رات، پارہ منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہاجو معمول سے 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔انہوں نے کہا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجو معمول سے1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں واقع مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں جمعرات اور جمعتہ المبارک کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جومعمول سے1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔عہدیدار نے بتایا کہ کپواڑہ قصبے میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی0.1 ڈگری سینٹی گریڈ رہاجو معمول سے1.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے مزید جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ جموں ضلع میںجمعرات اور جمعتہ المبارک کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت6.6 (معمول سے2.5ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ)، بٹوٹ میں4.9 (معمول سے1.3 کم)، کٹرہ میں 9.4 (معمول سے2.0 کم) اور بھدرواہ میں 1.7 (معمول سے1.5 کم) ریکارڈ کیا گیا۔ خطہ لداخ کے بارے میں محکمہ موسمیات نے کہاکہ کارگل میں جمعرات اور جمعتہ المبارک کی درمیانی رات منفی8.1 ڈگری سینٹی گریڈ، لیہہ میں منفی 10.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین مقام دراس میں پارہ منفی13.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکزسری نگرکے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے 19اور20نومبر کومیدانی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں اورمخصوص بالائی مقامات پر برف باری ہونے کاامکان ظاہر کیاہے تاہم موصوف ماہر موسمیات نے کہاہے کہ30نومبرتک کسی بھاری برف باری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔انہوںنے جمعے کے روزموسم بنیادی طور پر خشک رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نومبر کے آخر تک کسی بڑے برفباری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔










