Commissioner Secretary Forests reviews Special Summary Revision in Rajouri, Poonch

کمشنر سیکرٹری جنگلات نے راجوری ، پونچھ اضلاع میں خصوصی سمری نظر ثانی کے عمل کا جائیزہ لیا

راجوری//کمشنر سیکرٹری جنگلات اور ماحولیات سنجیو ورما ، جو راجوری اور پونچھ اضلاع کے الیکٹورل رول ابزرور بھی ہیں ، نے آج یکم اکتوبر 2022 کوالیفائنگ تاریخ کے حوالے سے انتخابی فہرستوں کی خصوصی سمری نظر ثانی کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ کے دوران راجوری اور پونچھ ضلع میں خصوصی سمری نظر ثانی عمل کے تحت اب تک حاصل کی گئی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط اور شیڈول کے مطابق سختی سے نظر ثانی کریں اور دی گئی ٹائم لائن کے اندر اس عمل کو مکمل کریں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ ہر نوجوان جس کی عمر 18 سال سے زیادہ ہو یا جس کی عمل یکم اکتوبر 2022 کو 18 سال ہو چکی ہو اپنا اندراج کرائے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرے اور یہ صرف اور صرف تب ممکن ہے جب ہر اہل شخص بطور ووٹر رجسٹرڈ ہو ۔ سنجیو ورما نے متعلقہ افراد کو نئے ووٹروں /چھوڑے ہوئے ووٹروں کو شامل کرنے اور ڈپلیکیٹ ووٹروں کو حذف کرنے کے دوران اضافی احتیاط برتنے کی تاکید کی تا کہ غلطیوں سے بچا جا سکے اور مقررہ تاریخ سے پہلے عمل کو مکمل کیا جا سکے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایس ایس آر سے وابستہ تمام افسران اور اہلکاروں کو مزید ہدایات جاری کریں کہ وہ صد فیصد اہل ووٹرز کے اندراج کے ساتھ اس مشق کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے لگن اور جوش کے ساتھ کام کریں ۔ کمشنر سیکرٹری نے متعلقہ افراد پر زور دیا کہ وہ ضلع میں اندراج کے فیصد کو بڑھانے کیلئے مل کر کام کریں ۔ میٹنگ میں دیگر کے علاوہ ڈی ای او وکاس کنڈل ، ای آر اوز اور اے ای آر اوز نے بھی شرکت کی ۔