Govt proposes to install ‘Srinagar Eye’ on pattern of ‘London Eye’ in Dal Lake

جھیل ڈل میں ’لندن آئی‘ کی طرز پر ’سری نگر آئی‘ کی تعمیر!

پروجیکٹ کو حتمی شکل دینے سے قبل مختلف عوامل پر غور کیا جائے گا:ڈائریکٹر بشیر احمد بٹ

سری نگر// وادی کشمیر میں سیاحت کے شعبے کو بڑا فروغ دینے کیلئے حکومت کی جانب سے شہر سری نگرکے وسط میں واقع مشہورزمانہ جھیل ڈل میں مل سکتا ہے’لندن آئی‘ کی طرز پر ’سری نگر آئی‘ نصب کرنے کا امکان ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق ایک میڈیا رپورٹ میں ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیاگیاہے کہ حکومت جموں وکشمیر ملکی وغیرملکی سیاحوںکو کشمیر وادی کی طرف راغب کرنے کیلئے ڈل جھیل کے اندر ایک دیوہیکل ’لندن آئی‘ کی طرح ’فیرس وہیل‘کے ساتھ ’سری نگر آئی‘تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سری نگرآئی کی تعمیر کیلئے جھیل ڈل میں ایک مقام کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے اور اگر یہ تعمیرکیا جاتا ہے تو یہ جھیل ڈل کانظارہ کرنے کیلئے آنے والے ملکی وغیرملکی سیاحوں کیساتھ ساتھ مقامی سیلانیوں کیلئے بڑاپُر کشش ہو سکتا ہے اور یہ وادی میں سیاحت کے شعبے کے لئے بھی بڑا فروغ ہوگا۔یادرہے لندن آئی، یا ملینیم وہیل، لندن میں دریائے ٹیمز کے جنوبی کنارے پر ایک سہارے والامشاہداتی پہیہ ہے۔ یہ یورپ کا سب سے اونچا سہارے والامشاہداتی وہیل یابڑا پہیہ ہے اور سالانہ 3 ملین سے زیادہ سیاحوںکے ساتھ برطانیہ میں سیاحوں کی سب سے زیادہ توجہ کا مرکز ہے۔میڈیا رپورٹ میں جے اینڈ کے لیک کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بشیر احمد بٹ کے حوالے سے کہاگیاہے کہ یہ پروجیکٹ ریکوسٹ فار پروپوزل یعنی تجویزکیلئے درخواست کے مرحلے میں ہے اور اس پروجیکٹ کو حتمی شکل دینے سے قبل مختلف عوامل پر بھی غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ تجویز کچھ عرصہ قبل پیش کی گئی تھی، لیکن اس تجویز کو حتمی شکل دینے سے پہلے کچھ عوامل جیسے ماحولیاتی اثرات کی تشخیص، مالیاتی ماڈلنگ اور دیگر چیزوں پر غور کرنا ہوگا۔موصوف ڈائریکٹر ڈاکٹر بشیر احمد بٹ نے یہ بھی کہا کہ اس میں وقت لگے گا کیونکہ ماحولیاتی جائزہ لیناابھی باقی ہے۔