سرینگر / /سرینگر کے راجباغ اور جواہر نگر علاقے میں اتوار کی صبح اس وقت خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی جب علاقے میں ایک جنگلی ریچھ اور اس کے بچے کی موجودگی دیکھی گئی ۔ ادھر جنگلی ریچھ کی موجودگی کی خبر پھیلتے ہی محکمہ وائلد لائف متحرک ہو گئی جبکہ سرینگر پولیس نے علاقے کے لوگوں کو ریچھ کو پکڑنے تک گھروں میںہی رہنے کی تلقین کی ۔ سی این آئی کے مطابق راجباغ اور جواہر نگر کے ملحقہ علاقو ں میں اس وقت لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے جب علاقے میں ایک ریچھنی اور اْس کے بچے کی موجودگی کی خبر پھیل گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے علاقے میں ریچھ اور چھوٹے بچے کو علاقے میں صاف صاف گھومتے دیکھا گیا جبکہ اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی ۔ علاقے میں سوشل میڈیا پر ریچھنی اور اْس کے بچے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔جس کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم علاقے میں روانہ کی گئی جنہوںنے دونوں کو پکڑنے کیلئے کارروائی شروع کر دی جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری ہے ۔ محکمہ وائلڈ لائف کے وارڈ ن نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مقامی لوگوں نے اطلاع دی ہے کہ جواہر نگر اور اْس کے ملحقہ علاقوں میں درمیانی شب ایک ریچھنی اور اْس کے بچے کو دیکھا گیا جس کے بعد ٹیم کو علاقے کی اور روانہ کیا گیا۔‘ انہوں نے بتایا کہ ریچھنی اور اْس کے بچے کو پکڑنے کی خاطر اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں تاہم ابھی تک اْس کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا۔ ادھر سرینگر پولیس نے بھی ایک ٹویٹ میں لوگوں سے تاکید کی ہے کہ ریچھ اور بچے کی موجودگی کے پیش نظر وہ تب تک گھروں سے باہر آنے میں احتیاط کریں جب تک ریچھ کو پکڑا نہ جائے ۔










