اننت ناگ میں بھاجپا کا ترنگاجلوس ،نشاط باغ میں میوزیکل پرگرام منعقد
سری نگر//کشمیروادی کے اطراف واکناف میںہر گھر ترنگامہم جاری ہے ،جسکے تحت سوپورمیں فوج کی جانب سے جھیل تاجہلم ترنگابوٹ ریلی کااہتمام کیاگیااورچرارشریف بڈگام میں فوج کے زیراہتمام ایک ترنگاموٹرسائیکل ریلی نکالی گئی جبکہ اننت ناگ میں بھاجپا کی جانب سے ترنگاجلوس برآمدہوا۔ادھر سی آرپی ایف نے آزادی کاامرت مہوتسوکے تحت تقریبات کاآغاز کرتے ہوئے جمعرات کو سری نگر کے نشاط باغ میں میوزیکل پروگرام منعقد کیا جبکہ اسکے بعدسیول لائنز میں ترنگا بائیک ریلی کاانعقاد بھی کیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق بھارت کے75ویں یومیہ آزادی کے سلسلے میں بھارتی جنتا پارٹی کی جانب سے ہر گھر ترنگا مہم کے تحت اننت ناگ میں یو ٹی نائب صدر صوفی یوسف کی قیادت میں ترنگا ریلی کا اہتمام کیا۔ ریلی میں پارٹی لیڈران سمیت سینکڑوں ورکروں نے شرکت کی جبکہ ریلی میں خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ واضح رہے کہ ریلی ڈاک بنگلو سے شروع ہو کر کھنہ بل چوک سے گزرتے ہوئے واپس کھنہ بل ڈاک بنگلہ میں ہی اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں شامل بھاجپا لیڈراورکارکن ترنگا لہراتے رہے اوریوم آزادی کی مناسبت سے ملک اورپارٹی نیز وزیراعظم مودی کے حق میں نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔اس دوران سوپور میں بھی جمعرات کوایک ترنگاریلی نکالی گئی ۔معلوم ہواکہ فوج نے جمعرات کو آزادی کا مہوتسو منانے کے سلسلے میں سوپور میں ایک ترنگا کشتی ریلی کااہتمام کیا۔یہ ریلی جو مرکز کے ہر گھر ترنگااقدام کے ایک حصے کے طور پر نکالی گئی تھی، سوپور میں دریائے جہلم پر منعقد کی گئی تھی، جس میں شہریوں کو بھی بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ریلی ایشیاء کی دوسری سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل ولر سے شروع ہو کر جہلم پل تک جاری رہی۔لوگوںنے ہر گھر ترنگا مہم کو فروغ دینے کے حکومتی اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ لوگوں نے حکومت کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے وولر جھیل سے جہلم پل تک ریلی میں حصہ لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے ریلی میں حصہ لیا اور اس سے بہت خوش ہیں۔ یہ پہلی بار ہے کہ سوپور میں اس طرح کی کارروائی کی گئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وادی میں لوگوں میں اس کے مقابلے میں تبدیلی آئی ہے کہ ایک دہائی پہلے کے حالات کیسے تھے۔ریلی جمعرات کی صبح بھارتی فوج کی 52آرآر کلو فورس کے ذریعے نکالی گئی جہاں ہر کسی کو اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ کچھ نے ترنگا اپنی کشتیوں سے باندھ رکھا ہے۔یاد رہے بدھ کوبارہمولہ قصبہ میں بھاجپاکی جانب سے ایک ترنگاریلی نکالی گئی تھی ۔شمال وجنوب اہم اوربڑے قصبوں نیز یہاں کے بازاروںمیں جگہ جگہ قومی پرچم لہرارہے ہیں ۔عمارات ،تجارتی مراکز کی چھتوں اوربجلی کھمبوں پر ترنگے لگائے گئے ہیں ۔اُدھر سرحدی علاقوں بشمو ل کرناہ ٹنگڈار ،گریز ،مژھل ،اوڑی اورتلیل میں روزانہ کی بنیادوں پر ترنگاریلیاں نکالی جارہی ہیں جن میں مقامی لوگ اوراسکولی بچے اوربچیاں شرکت کرتے ہیں جبکہ سرحدی بستیوںمیں ہر گھر ترنگا مہم کے تحت قومی پرچم لگائے گئے ہیں ۔










