کسانوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں ، شکائت کا باقاعدہ ازالہ کریں

جموں// محکمہ زراعت کی پیداوار کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) اتل ڈولو نے آج سول سیکرٹریٹ میں سکاسٹ جے اور سکاسٹ کے کے وائس چانسلروں کے ساتھ زرعی توسیع کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ وائس چانسلر سکاسٹ جے پروفیسر جے پی شرما نے زراعت کی حثیت ، اس سے منسلک شعبوں اور اس کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی پرذنٹیشن دی اور جموں و کشمیر میں اس کی بحالی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ اسی طرح سکاسٹ کے کی ایک پرذنٹیشن بھی اے سی ایس کو پیش کی گئی ۔ زراعت اور باغبانی کے محکموں کے وائس چانسلروں اور سینئر افسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے بعد ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مداخلت کے شعبوں کی نشاندہی ایس کے آئی سی سی سرینگر میں حال ہی میں منعقدہ ایک کانفرنس میں کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ زراعت کی توسیعی سرگرمیوں کا مقصد کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور کمیونٹی اور انتظامیہ کے درمیان خلیج کو ختم کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور مقصد ثانوی زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینا ، فصلوں میں تنوع ، فصلوں کی مختلف اقسام کو فروغ دینا اور سرکاری بیمہ اسکیموں اور سبسڈیز کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے قابلِ مقدار اہداف مقرر کرنے ، کلیدی پیغامات پہنچانے کی نشاندہی کرنے اور الگ الگ خاکہ بنانے اور ہر ضلع کیلئے حتمی حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا ۔ کسانوں کے ساتھ مسلسل رابطے اور ان کی شکایات کے باقاعدہ ازالے کے ذریعے کسانوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے پر بھی زور دیا گیا ۔ اتل ڈولو نے متنوع کھیتی کیلئے ضلع کی مخصوص فصلوں کی نشاندہی کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ کاشتکاروں کو ان کی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کیلئے فصلوں کے تنوع اور فصل کی قسم کے بارے میں مخصوص مشورے دئیے جائیں ۔ میٹنگ میںڈائریکٹر زراعت جموں کے کے شرما ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں رام سیوک ، ڈائریکٹر ایکسٹینشن جموں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔