yatra

امرناتھ یاترا:بادل پھٹنے سے اب تک17افراد ہلاک، 40 لاپتہ

سرینگر//امرناتھ شیولنگم گھپا کے نزدیک پیش آئے بادل پھٹنے کے واقعے کے نتیجے میں اب تک 17یاتریوں کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ سیلابی ریلی میں بہنے والے 40یاتریوںکا ابھی تک کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے ۔ ادھر حکام نے ہفتہ کے روز بتایا ہے کہ ابھی تک 15ہزار سے زائد یاتریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے ۔ دریں اثناء بچائو کارروائی کی نگرانی کیلئے ڈویژنل کمشنر کشمیر پنڈورانگ کے پولے اور آئی جی پی کشمیر خود کررہے ہیں جبکہ بچائو کارروائیوں میں بی ایس ایف ، آئی ٹی بی پی اورجموں کشمیر پولیس لگے ہوئے ہیں۔ سی این آئی کے مطابق امرناتھ گھپا کے قریب بادل پھٹنے کی وجہ سے اب تک17لوگ ہلاک ہوئے ،جب کہ 40لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں، ان کی تلاش جاری ہے اور اس سلسلے میں فوج اور دوسری تنظیموں کے اشتراک سے اس علاقے میں تلاش جاری ہے،کیوں کہ بادل پھٹنے سے گھپا کے پاس 15ہزار سے زیادہ یاتری پھنس گئے تھے، انہیں ہیلی کاپٹر اور دوسرے ذرائع سے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔پانی کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ اس نے اپنے ساتھ یاتریوں کو بھی بہتاہوالے گیا۔درجنوں یاتری زخمی بھی ہوئے ہیں ابھی تک راحتی ٹیم نے پانچ یاتریوں کو بچایا۔ پچھلے کچھ دنوں سے اس علاقے میں موسلادھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے گھپا کے آس پاس 25ٹینٹ اور تین کچن پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے۔ کیوں کہ پانی کے ساتھ ساتھ کیچڑ بھی جمع ہوگیا اور پتھر بھی نیچے آگئے اس لیے لاپتہ لوگو کو ڈھونڈھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ زخمیوں کو بیس کیمپ میں لے جایاگیا۔ فوج کے علاوہ قومی ڈیزاسٹر انفورسمنٹ راحتی کاموں میں شامل ہیں۔ریاستی انتظامیہ نے ہیلی کاپٹر سروس بھی شروع کی تاکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایاجاسکے۔لیفٹیننٹ جنرل اے ڈی ایس کنجلا جائے واردات پر پہنچے ہیں ان کے ساتھ کشمیر کے ڈویژنل کمشنر اور ان کے ساتھ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی ساتھ میں تھے۔ اس دوران حکومت نے یاترا کو فی الحال روک دیا ہے۔کل شام ساڑھے پانچ بجے اس علاقے میں بادل پھٹ گئے اور اس کے فورا بعد پانی کے ریلے میں اس علاقے میں قہربرپاکردیا ۔ادھر حکام نے بتایا ہے کہ گھپا کے نزدیک بچائوکارروائیوں کی نگرانی کیلئے ڈویژنل کمشنر کشمیر اور آئی جی پی کشمیر وہاں پر خیمہ زن ہیں اور بچائو کارروائیوں کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ ادھر حکام نے بتایا ہے کہ ابھی تک 17ہزار کے قریب یاتریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بعد دوپہر امرناتھ گھپا کے نزدیک بادل پھٹنے کا واقع پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ابتداء میں ہی 10یاتری ہلاک ہوئے تھے جبکہ پچاس کے قریب یاتریوں کو سیلابی ریلے نے اپنے ساتھ بہا لیا تھا جن میں سے مزید سات یاتریوں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں ہیں اور اس طرح سے اس آفت میں مرنے والے یاتریوں کی تعداد 17تک پہنچ گئی ہے ۔