عارضی معطلی کے بعد43روزہ سالانہ امرناتھ یاتراکی بحالی کامعاملہ

سری نگر//جمعے کی شام بادل پھٹنے کے بعدامرناتھ گھپا کے گردونواح میں پیداشدہ سنگین صورتحال ،جس دوران متعددجانیں تلف ہوئیں ،کے پیش نظر حکومت نے سالانہ یاترا کوعارضی طورپر معطل کردیا۔جے کے این ایس کے مطابق امرناتھ گھپا کے گردواح میں بحالی کاکام بشمول لاپتہ ہوئے افراد کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ،اوراس کام میں فوج ،فورسز،آئی ٹی بی پی ،ایس ڈی آرایف اورجموں وکشمیر پولیس کے علاوہ سیول انتظامیہ بھی شانہ بشانہ مصروف ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ سیلابی ریلے کی وجہ سے یہاں درہم برہم ہوئے خیموں کی دوبارہ تنصیب کیساتھ ساتھ لنگروں کودوبارہ چالو کرنے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں ،تاہم اس کام میں کچھ د ن لگ سکتے ہیں ،کیونکہ سیلابی پانی کی وجہ سے یہاں کیچڑ موجودہے جبکہ بڑے پتھر اوردرختوںکی شاخوں کیساتھ ساتھ خیمے بھی بکھرے پڑے ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ یہاں پھنسے ہزاروں یاتریوں کومحفوظ جگہوں پر منتقل کیاگیا جبکہ بیشتر یاتریوںکوپنجترنی پہنچایا گیاہے ۔اس کام میں آئی ٹی بی پی کااہم رول رہا۔ذرایع نے بتایاکہ بیمار ،بزرگ اورزخمی یاتریوںکویہاںسے انڈین ائر فورس کے جہاز اورہیلی کاپٹر وں کے ذریعے پنجترنی اوردوسرے مقامات پر پہنچایاگیاجبکہ کئی زیادہ بیمار اورزخمی یاتریوںکواسپتالوںمیں منتقل کیاگیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ موسمی صورتحال بہتررہنے کی صورت میں بحالی کاکام کچھ دنوںمیں مکمل کیاجائے گا،جسکے بعدسالانہ امرناتھ یاتراکی بحالی کے بارے میں حکومت اورشرائن بورڈ باہمی صلاح مشورے کے بعدحتمی فیصلہ لے گی ۔دریں اثناء آئی جی پی کشمیر وجے کمار اورڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے ہفتے کی صبح امرناتھ گھپاکادورہ کرکے یہاں جمعے کی شام بادل پھٹنے کے بعدپیداہوئی سنگین صورتحال کاجائزہ لیا۔انہوںنے یہاں سیول وفورسزحکام سے تازہ صورتحال کے بارے میں جانکاری لینے کیساتھ ساتھ بحالی کے کاموں نیزیاتریوںکی یہاں سے دوسرے مقامات پرمنتقلی کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی ۔سیول وپولیس انتظامیہ کے دونوں اعلیٰ حکام نے سیلابی صورتحال کے بعدیہاں تعینات فورسز اوردیگرایجنسیوں کے فوری بچائو اقدامات کی سراہنا کی ۔