گیت کا پیغام ہے کہ یاترا کے دوران اِرد گرد کو صاف ستھرا اور پلاسٹک سے پاک رکھیں
سری نگر//کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ اور پنچایتی راج مندیپ کور نے معروف بالی ووڈ گلو کار کیلاش کھیر کے گائے ہوئے ایک عقیدتی گیت کا آغاز کیا۔اِس گیت کا عنوان ’’ جے جے بابا برفانی‘‘ بابا اَمرناتھ کو وقف کیا گیا ہے جسے کیلاش کھیر نے ڈائریکٹوریٹ آف رورل سینی ٹیشن جموںوکشمیر کے اِشتراک سے گایا ہے تاکہ لوگوں کو اَمرناتھ یاترا۔2022ء کے دوران اِرد گرد کی صفائی کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ اور پنچایتی راج مندیپ کور نے گیت کا آغاز کرنے کے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ گیت لوگوں کو ماحولیاتی تحفظ اور اِرد گرد کی صفائی کے بارے میں بیداری کرنے کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا جبکہ اُمید ہے کہ آنے والی اَمرناتھ یاترا علاقے کی صفائی کے جذبے کو مد نظر رکھتے ہوئے منعقد کی جائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ دیہی ترقی محکمہ یاترا کے اِنتظامات میں حصہ لے رہی ہے اور اِس برس کی یاترا پلاسٹک اور کوڑا کرکٹ سے پاک صفائی کی سرگرمیاں کر رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ لینڈل مینجمنٹ کو زیرو ویسٹ حاصل کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔کیلاش کھیر نے بذریعہ ورچیول موڈ خطاب کرتے ہوئے ویڈیو بنانے کے دوران جموں و کشمیر اِنتظامیہ کے تعاون کا شکریہ اَدا کیا اوراُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے عقیدتی گیت لوگوں کو اَپنی زندگی پُرامن طریقے سے گزارنے کے لئے جوڑتے ہیں۔ اِس کے علاوہ یہ یاترا کے لئے جاتے وقت ماحول کی حفاظت میں بھی مدد کرتے ہیں۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر سینٹی ٹیشن جموں وکشمیر چرن دیپ سنگھ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اَمرناتھ گپھا کے راستوں پر مختلف مقامات پر جدید مشینیں نصب کی گئی ہیں اور اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے اِس یاترا کو پلاسٹک اور کوڑا کرکٹ سے پاک بنانے کا عہد کیا ہے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کشمیر امام الدین اور سی اِی او سواہا بھی موجود تھے۔










