بڈگام میں ملی ٹنٹ فنڈنگ معاملے میں ایک اورملزم گرفتار:پولیس
بانڈی پورہ،بڈگام//پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے پاپ چھن علاقے کے قریب لشکر طیبہ کے ایک ہائبرڈ ملی ٹنٹ کو بڑی مقدارمیں اسلحہ وگولی بارودسمیت گرفتار کیا۔اس دوران جموں و کشمیر پولیس نے بدھ کو کہا کہ وسطی کشمیر کے بڈگام میں لشکرملی ٹنٹوںکے ایک ساتھی کو گرفتار کیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ملزم محبوب الانعام ساکنہ نادی ہل بانڈی پورہ کو پاپ چھن کے قریب ایک چوکی پر روکا گیا۔پولیس نے بتایا کہ اس کے قبضے سے3اے کے رائفلز، 10میگزین، گولیوں کے380راونڈ، 2کلو گرام آئی ای ڈی ایکس مادہ، چینی ساخت کاایک گرینیڈ سمیت مجرمانہ مواد اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ کر کے بتایا، ‘‘پولیس اور ایس ایف نے پاپ چھن بانڈی پورہ کے قریب چوکی پر لشکر طیبہ کے ایک ہائبرڈ ملی ٹنٹ محبوب الانعام کو گرفتار کیا۔ اس کے انکشاف کے نتیجے میں مجرم مواد، اسلحہ وگولی بارودبرآمدکیاگیا۔گرفتار ہائبرڈملی ٹنٹ کیخلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ بانڈی پورہ میں ایک کیس درج کیاگیاجبکہ ملزم سے پوچھ تاچھ اورمزیدتحقیقات شروع کردی گئی ۔اس دوران پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ منشیات فروشی سے ملی ٹنٹوںکی فنڈنگ کے ماڈیول کا پردہ فاش کرنے سے متعلق تھانہ چاڈورہ کے حالیہ کیس کی ایف آئی آر نمبر 116/2022 کی تحقیقات کے دوران،ملی ٹنٹوں کے ایک اور ساتھی شوکت احمد گنائی عرف RK ولد مرحوم محمد کمال گنائی ساکن شیخ پورہ وتھورا چاڈورہ کو مذکورہ معاملے میں گرفتار کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کیس کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گرفتار ملزم کالعدم تنظیم ایل ای ٹی کو منشیات کی آمدنی فعال ملی ٹنٹوں اور ان کے کارندوں میں تقسیم کرکے لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے میں ملوث تھا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔










