کمشنر سیکرٹری ریونیو نے پونچھ کا دورہ کیا ، محکمہ ریونیو کے کام کاج کا جائیزہ لیا

پونچھ//کمشنر سیکرٹری ریونیو وجے کمار بدھوری نے آج پونچھ ضلع کا دورہ کیا اور یہاں محکمہ محصولات کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ شروع میں ڈی سی پونچھ اندر جیت نے ضلع میں وی کے بدھوری کا خیر مقدم کیا اور پی پی ٹی کے ذریعے ریونیو ایڈمنسٹریشن میں ضلع کی پیش رفت کو شئیر کیا ۔ میٹنگ میں جمع بندیوں کی تحریری حیثیت ، اراضی کے استعمال میں تبدیلی ، ریاستی اور کچہری اراضی کی واپسی ، پٹوار خانوں کی فعالیت ، خاکہ بندی کے تحت ہونے والی پیش رفت کے علاوہ ترقیاتی کاموں سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالی جیسے کہ جمع بندیوں کو ڈیجٹائیز کرنا ، مختلف ریونیو خدمات کی آن لائین فراہمی اور دیگر عوام دوست اقدامات ، خاص طور پر آن لائین پورٹل اور ای خدمات جو حال ہی میں حکومت کی طرف سے شفافیت اور جوابدہی لانے کیلئے شروع کی گئی ہیں ۔ محکمہ میں خاص طور پر انہوں نے زمینی ریکارڈ کی جلد از جلد ڈیجٹلائیزیشن پر زور دیا ۔ عام لوگوں کو فراہم کی جانے والی آن لائین ریونیو خدمات کا جائیزہ لیتے ہوئے کمشنر سیکرٹری کو بتایا گیا کہ آپ کی زمین آپ کی نگرانی وغیرہ جیسے آن لائین موڈ کے ذریعے عام لوگوں کو متعدد ریونیو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ کمشنر سیکرٹری نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو آن لائین خدمات بروقت فراہم کی جائیں تا کہ انہیں بار بار ریونیو دفاتر کا دورہ نہ کرنا پڑے ۔ کمشنر سیکرٹری نے زمین کے استعمال میں تبدیلی سے متعلق تمام فائلوں کو تیزی سے نمٹانے کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ پٹوار خانوں کے کام کے حوالے سے اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں تمام پٹوار خانوں کو فعال کر دیا گیا ہے اور عوام الناس کو ریونیو کی سہولیات دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں ۔ مزید براں ترقیاتی منصوبوں جیسے کہ گورنمنٹ ڈگری کالجز کی راہ میں حائل مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں کمشنر سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں کہ وہ ترقیاتی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے موثر اقدامات کریں تا کہ پروجیکٹوں پر کام کی تکمیل میں تاخیر نہ ہو ۔ میٹنگ میں اے ڈی سی پونچھ ، ایس ڈی ایم سرنکوٹ ، اے سی آر پونچھ ، ایس ڈی ایم مہینڈھر کے علاوہ متعلقہ افسران موجود تھے ۔