سرینگر// خون کے عطیہ کے عالمی دن کے موقعے پر ضلع اسپتال پلوامہ میں انڈین ریڈ کراس سوسائٹی جموں و کشمیر،ضلع انتظامیہ اور ڈسڑکٹ ریڈ کراس کے باہمی اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس دوران بڑی تعداد میں نوجوان نے جذبہ انسانیت کے تحت اپنے خون کا عطیہ پیش کیا۔اس موقعہ پر مقررین نے خون عطیہ سے متعلق مختلف امورات پر روشنی ڈالتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ خون عطیہ کرنے سے قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق خون کے عطیہ کے عالمی دن پر جموں کشمیر یو ٹی میں کئی تقریب کا اہتمام کیا گیا اور بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے گئے۔انڈین ریڈ کراس سوسائٹی جموں کشمیر ،ضلع انتظامیہ پلوامہ اور ڈسٹرکٹ ریڈ کراس سوسائٹی پلوامہ نے ضلع ہسپتال کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا جس کا افتتاح ضلع ہسپتال کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ نے کیا۔اس موقع پر نوجوانوں کے ساتھ ساتھ کئی ڈاکٹروں نے بھی جذبہ انسانیت کے تحت خون عطیہ دیا۔نمائندے کے مطابق ضلع ہسپتال پلوامہ کے دو ڈاکٹروں جن میں ڈاکٹر محمد یوسف ٹاک اور ڈاکٹر محمد رفیق کے علاوہ ہسپتال کے دیگر ملازمین نے بھی خون کا عطیہ پیش کیا۔جموں کشمیر سول سوسائٹی کے چیئرمین محمد الطاف جڈورہ نے 60 ویں پوئنٹ خون کا عطیہ دیا۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد یوسف ٹاک نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ خون عطیہ کرنے سے انسان کی صحت میں کوئی کمزوری نہیں آتی ہے بلکہ خون عطیہ کرنے سے کسی کی قیمتی جان کو بچایا جاسکتا ہے۔سماجی کارکن اور جموں کشمیر سول سوسائٹی کے چیئرمین محمد الطاف نے خون کے عطیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانیں بچانا ہر مکتب ہاے فکر کے فرد کی ذمہ داری ہونی چاہئے۔










