سرینگر//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چئیر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر اندرابی نے لفٹینٹ گورنر کو وقف بورڈ کی طرف سے جموں و کشمیر میں وقف منیجمنٹ سسٹم کو ہموار کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں کینسر ہسپتال قائم کرنے کے وقف بورڈ کے فیصلے کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ وقف بورڈ کی طرف سے مستقبل میں اس طرح کے بہت سے عوامی فلاحی اقدامات کئے جائیں گے ۔ ڈاکٹر اندرابی نے جموں و کشمیر میں وقف بورڈ سے متعلق قانونی معاملات کو حل کرنے کیلئے سنٹرل وقف ایکٹ کے مطابق ٹریبونل کی تشکیل کی تجویز بھی پیش کی ۔ انہوں نے مختلف عوامی مسائل کے حل کیلئے لفٹینٹ گورنر سے مداخلت کی بھی درخواست کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے حقیقی مسائل کے ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے ڈاکٹر اندرابی پر مزید زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کی اپنی کوششیں جاری رکھیں ۔










