سری نگر//اِنتظامی کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جموںوکشمیر کے ہائوس بوٹ مالکان اور شکاراوالوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے ہاؤس بوٹس اور ٹیکسی شکاریوں کی مرمت اورمینٹی ننس کی خاطر رعایتی قیمتوںپر لکڑی فراہم کرنے کے لئے محکمہ سیاحت کی تجویز کومنظوری دی گئی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے شر کی۔یہ فیصلہ محکمہ جنگلات سے رجسٹرڈ ہائوس بوٹس کی معمولی ، وقتاًفوقتاً مرمت اور مینٹی ننس اور دیکھ ریکھ کے لئے 50فیصد رعایتی شرح پر زیادہ سے زیادہ 70 فیصد ضرورت تک یا 30 مکعب فٹ جو بھی کم ہو لکڑی فراہم کرے گا۔ مستحقین کو 6 برس میں ایک بار لکڑی فراہم کی جائے گی۔اِسی طرح ہائوس بوٹس کی تعمیر نو اور مرمت کے لئے 50فیصد رعایتی شرح پر ضرورت کے زیادہ سے زیادہ 70فیصد تک یا 80 مکعب فٹ جو بھی کم ہو لکڑی یکوقتی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔رجسٹرڈ ٹیکسی شکاروں کی صورت میں لکڑی وقتاً فوقتاً مرمت اور مینٹی ننس کے لئے 50 فیصد رعایتی شرحوں سے زیادہ سے زیادہ 70 فیصد ضرورت یا 15مکعب فٹ جو بھی کم ہو پانچ برسوں میں ایک بار فراہم کی جائے گی۔اِس اقدام کے تحت اہل ہائوس بوٹ مالکان اور شکارا والوں کی نشاندہی ناظم سیاحت کشمیر کی طرف کی جائے گی جو مزید تقسیم کی جانے والی لکڑی کی مطلوبہ مقدار جے اینڈ کے فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ سے اِی ۔ نیلامی کے ذریعے خریدیں گے۔










