سنیچر کی صبح سری نگر بارہمولہ شاہراہ پر کھلبلی ،بدترین ٹریفک جام

ہائیگام کے نزدیکIEDکی موجودگی،بم ڈسپوزل اسکارڈنے ناکارہ بنادیا،گاڑیوں کی نقل وحمل بحال

سوپور//سری نگربارہمولہ قومی شاہراہ پر سنیچرکی صبح اُسوقت ٹریفک جام کی صورتحال پیداہوئی ،جب ہائیگام کے نزدیک سڑک کنارے فوج وفورسزکی روڑ اوپنگ پارٹی نے ایک مشتبہ چیز دیکھی ،جس کے بعدٹریفک کی آمدروفت پراحتیاطی روک لگادی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق سنیچر کی صبح فوج کی ایک روڑ اوپنگ پارٹی ROPنے سری نگربارہمولہ شاہراہ پرمعمول کی چیکنگ کے دوران ہائیگام کے نزدیک سڑک کنارے ایک مشتبہ چیز پائی ۔مشتبہ چیز کے ممکنہ طورپر بارودی سرنگ ہونے کے اندیشے کودیکھتے ہوئے پولیس وفورسز نے شاہراہ پر ٹریفک کی آواجاہی احتیاطی اقدام کے بطورروک دی ،جسکے نتیجے میں سنگرامہ ،تاپر اوردیگرمقامی پر سینکڑوں مسافرومال بردار اورنجی گاڑیاں درماندہ ہوکررہ گئیں اوراس اہم شاہراہ پرٹریفک جام کی صورتحال پیداہوگئی ۔اُدھر ہائیگام کے نزدیک سڑک کنارے مشتبہ چیز کے بارے میں فوجی اہلکاروںنے اپنے افسروںکو جانکاری فراہم کی ،جنہوںنے یہ معاملہ پولیس کی نوٹس میں لایا۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کی صبح سوپور سب ضلع کے ہائیگام علاقہ میںسری نگربارہمولہ قومی شاہراہ پر ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا پتہ لگا کر اسے ناکارہ بنا دیا۔انہوں نے بتایا کہ مشتبہ چیز سرینگر بارہمولہ قومی شاہراہ کے ساتھ ہیگام علاقے میں فورسز کی طرف سے معمول کی سڑک کھولنے کی مشق کے دوران ملی۔پولیس نے بتایا کہ علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا اور مصروف شاہراہ پر ٹریفک معطل کر دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو اس چیز کی جانچ کرنے کیلئے بلایا گیا تھا جو آئی ای ڈی نکلی۔حکام نے کہا کہ بعد میں آئی ای ڈی کو کنٹرول شدہ طریقے سے ناکارہ بنا دیا گیا ،جس کے بعدسری نگربارہمولہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بحال کر دی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ آئی ای ڈی سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا گیا تھا۔