شہر سری نگرمیں دُکانات اوردیگرتجارتی مراکز کے شٹر ڈائون

شہر سری نگرمیں دُکانات اوردیگرتجارتی مراکز کے شٹر ڈائون

لالچوک ،بتہ مالو،ٹینگ پورہ اوردیگر کچھ مقامات پراحتجاج،کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں :حکام

سری نگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کی ایک اب معطل شدہ خاتون ترجمان اوردہلی بی جے پی کے ایک لیڈر کی طرف سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس پر جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں جمعہ کو مکمل بندرہا۔حکام نے کسی بھی صورتحال پرقابو پانے کیلئے اضافی سیکورٹی انتظامات کئے جبکہ احتیاطی اقدام کے بطورشہرخاص کے نوہٹہ علاقہ میں واقع تاریخی جامع مسجدمیں نما زجمعہ اداکرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگرمیں جمعہ کوعلی الصبح سے ہی معمول کی کاروباری سرگرمیاں اورعوامی نقل وحمل اثرانداز رہیں ،کیونکہ یہاں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کیخلاف بھاجپاکے کچھ لیڈروں کے حالیہ توہین آمیز ریمارکس کیخلاف بند رکھاگیا۔سیول لائنز ،شہرخاص اوردیگرکچھ علاقوں میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے،اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل بھی قدرے کم نظر آ رہی تھی۔حکام نے کسی بھی صورتحال پرقابو پانے کیلئے اضافی سیکورٹی انتظامات کئے جبکہ احتیاطی اقدام کے بطورشہرخاص کے نوہٹہ علاقہ میں واقع تاریخی جامع مسجدمیں نما زجمعہ اداکرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ امن وامان کوبرقرار رکھنے کیلئے کچھ فوری نوعیت کے احتیاطی اقدامات اُٹھائے گئے ۔انہوںنے کہاکہ حساس مقامات پر پولیس وفورسزکی اضافی نفری تعینات کردی گئی تاہم لوگوںکی آواجاہی یانقل وحرکت پرکوئی بندش یاپابندی نہیں ہے ۔ذرئع نے مزیدبتایاکہ امن مخالف عناصر کی جانب سے ممکنہ طورپرپھیلائی جانے والی افواہوںکی روکتھام کیلئے شہر سری نگرسمیت کشمیر کے سبھی دس اضلاع میں جمعہ کوصبح 11بجے سے موبائل انٹرنیٹ خدمات پرروک لگادی گئی ۔اس دوران نوہٹہ کے لوگوںنے بتایاکہ یہاں واقع تاریخی جامع مسجدمیں نما زجمعہ اداکرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوںنے کہاکہ مرکزی جامع مسجد کے بردونواح میں پولیس وفورسزدستے تعینات رکھے گئے ہیں ،جو کسی بھی شخص کوجامع مسجدکی حدودمیں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ۔اس دوران ایک میڈیارپورٹ میں بتایاگیاکہ مقامی لوگوں نے سرینگر شہر کے قلب میں واقع لال چوک میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف توہین آمیز کلمات کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔ مظاہرین بی جے پی کے ترجمانوں کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کر رہے تھے۔شہر کے لال چوک، بتہ مالو، ٹینگ پورہ اور دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ذرئع نے بتایا کہ پلے کارڈز اٹھائے ہوئے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے جمعہ کی نماز کے بعد احتجاج کیا۔سری نگر کے بتہ مالو علاقے میں سینکڑوں لوگوں نے احتجاجی مارچ کیا اور پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز تبصروں پر بی جے پی لیڈروں کے خلاف نعرے لگائے۔مظاہرین نے کہاکہ ہم اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف توہین آمیز کلمات برداشت نہیں کر سکتے، یہ ناقابل قبول ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ احتجاج پرامن تھا اور کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔

ڈوڈہ اور کشتواڑ میںفرقہ وارانہ کشیدگی،دونوںاضلاع میں کرفیونافذ
سری نگر//حکام نے جموں و کشمیر کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں کرفیو نافذ کر دیا اور علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے جمعہ کو بھدرواہ اور کشتواڑ قصبوں میں انٹرنیٹ خدمات معطل کر دیں۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بتایاکہ بھدرواہ علاقے میں جمعرات کی شام کو اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کی طرف سے پیغمبر اسلامﷺ کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے خلاف احتجاج کے دوران مبینہ اشتعال انگیز تقریریں کی گئیں۔اشتعال انگیز تقاریر کی مبینہ ویڈیو ز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور لوگوں کو قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے خبردار کیا ہے۔جموں خطے کے ڈویڑنل کمشنر رمیش کمار نے کہاکہ ڈوڈہ اور کشتواڑ کے دونوں اضلاع میں احتیاطی تدابیر کے طور پر کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صورتحال پرامن ہے۔حکام نے بتایا کہ افواہ پھیلانے کی وجہ سے بھدرواہ اور کشتواڑ قصبوں میں انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی ہیں۔اس سے پہلے، فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر جمعرات کی رات بھدرواہ قصبہ میں کرفیو لگا دیا گیا تھا۔بی جے پی کی اب معطل شدہ ترجمان نوپور شرما کے خلاف نفرت انگیز تقاریر مبینہ طور پر ایک مسجد سے کی گئیں۔ ایک اور واقعہ میں کسی نے سوشل میڈیا پر ایک قابل اعتراض پوسٹ اپ لوڈ کر دی جس سے مزید کشیدگی پیدا ہو گئی۔دونوں معاملات میں ایف آئی آر درج کرتے ہوئے، پولیس نے متنبہ کیا ہے کہ جو بھی قانون و قانون کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا اسے بخشا نہیں جائے گا۔پولیس حکام نے بتایاکہ اشتعال انگیز تقاریر پر ایکشن لیا گیا ہے۔ بھدرواہ پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعہ 295-A (جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی حرکتیں، جس کا مقصد کسی بھی طبقے کے مذہبی جذبات کو اس کے مذہب یا مذہبی عقائد کی توہین کرنا ہے) اور 506 (مجرمانہ دھمکی کی سزا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لے گا اسے بخشا نہیں جائے گا۔