سری نگر// وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت اور ادھم پور حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ قصبہ میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اورمسلم وہندئو رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے آگے آئیں ۔جے کے این ایس کے مطابق ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ٹویٹ کیاکہ میں کل بھدرواہ میں پیدا ہونے والی ناخوشگوار صورتحال سے بہت پریشان ہوں۔انہوںنے کہاکہ میں عاجزی کے ساتھ دونوں برادریوں کے بزرگ افراد اور سربراہان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ روایتی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے ایک ساتھ بیٹھیں جس کیلئے بھدرواہ کا خوبصورت قصبہ ہمیشہ سے جانا جاتا ہے۔مرکزی وزیر نے ٹویٹ میں کہاکہ میں ڈی سی ڈوڈہ ایس وکاس شرما اور ڈویڑنل کمشنر جموں رمیش کمار کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزیدکہاکہ ڈی سی ڈوڈہ اور ایس ایس پی ڈوڈہ اس وقت بھدرواہ میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور ذاتی طور پر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔










