ساڑھے 4 لاکھ لوگوں کی مختلف بیماریوں کا علاج ، حکومت نے کئے صحت اداروںکو 307 کروڑ روپے واگزار
سری نگر//جموں و کشمیر حکومت آیوشمان بھارتPMJAY صحت اسکیم کے تحت اس ماہ کے آخر تک 100 فیصد اشباع(Saturation) حاصل کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ریاستی صحت ایجنسی جموں و کشمیر ( SHA-J&K) نے اس ماہ کے اندر 100 فیصد ہدف حاصل کرنے کیلئے گھر گھر مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انتظامیہ نے گولڈن کارڈز کے اجراء کے لیے مختلف مقامات پر سہولیات قائم کی ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق آیوشمان بھارت PMJAY صحت اسکیم کی چیف ایگزیکٹو آفیسر آیوشی سوڈان نے کہاہے کہ ہمارا مشن رواں مہینے کے آخر تک100 فیصد ہدف کو یقینی بنانا ہے۔ انہوںنے ایک اخبارکیساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس اسکیم کے تحت ہر فرد کا احاطہ کریں گے۔آیوشمان بھارت PMJAY صحت اسکیم کی چیف ایگزیکٹو آفیسرنے کہا کہ محکمہ آنے والے ہفتوں میں ڈرائیوروں، دکانداروں، یتیم خانوں اور منڈیوں میں مہم چلائے گا۔انہوںنے کہاکہ ابھی ہم شکارا مالکان اور ان کے اہل خانہ کے لئے جاری خصوصی’ واک ان ڈرائیو‘ میں اچھا ردعمل دیکھ رہے ہیں،اور اب تک ہم نے 75 فیصد شکاروالوں اور ان کے خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ باقی25 فیصد کی رجسٹریشن بھی اس ہفتے کے دوران مکمل کر لی جائے گی۔ آیوشی سوڈان کاکہناہے کہ اب تک محکمہ آیوشمان بھارت نے خصوصی مہم کے دوران صفائی کے کارکنوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کر رہے ہیں کہ آنے والے ہفتوں میں مزید لوگ رجسٹریشن مکمل کریں گے تاکہ جموں و کشمیر میں100 فیصد رجسٹریشن کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام نے کہا کہ وہ گولڈن کارڈز کے لئے خود کو رجسٹر کرنے کیلئے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے ٹی وی، ریڈیو اور پرنٹ، اور سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع سے مسلسل آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ گولڈن کارڈز کی رسائی کو بھی آسان بنایا گیا ہے تاکہ ہر کسی کو اپنے علاقے میں مل سکے۔حکام نے مزیدبتایاکہ 3 جون تک، 68.18 فیصد (69 لاکھ85ہزار) مستفیدین اس سکیم کے تحت رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جس سے کل خاندانوں میں سے76.59 فیصد لوگ صحت سکیم کے تحت فوائد حاصل کرنے کے اہل ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ 69.85لاکھ رجسٹرڈ مستفید ہونے والوں میں سے 37.7 لاکھ لوگوں کو کشمیر میں گولڈن کارڈ جاری کئے گئے ہیں جبکہ جموں صوبے میں ابتک 32لاکھ 9ہزارلوگوں کے حق میں گولڈن کارڈاجراء ہوئے ہیں۔مزید برآں، آیوشمان بھارت PMJAY صحت اسکیم کے تحت جموں و کشمیر میں ساڑھے 4 لاکھ لوگوں کا مختلف بیماریوں کا علاج کیا گیا ہے جس کے لیے حکومت نے صحت کے اداروں کو 307 کروڑ روپے ادا کئے ہیں۔دسمبر2020 میں شروع کی گئی، صحت سکیم غریب لوگوں کیلئے امید کی کرن بن کر ابھر رہی ہے جو مختلف بیماریوں کے علاج کی استطاعت نہیں رکھتے۔ گولڈن کارڈ کیلئے رجسٹریشن حاصل کرنے کے بعد یہ مریض اس اسکیم کے تحت شامل مرکزی زیر انتظام علاقے کے بڑے واہم اسپتالوں میں مفت علاج حاصل کرتے ہیں۔اس اسکیم میں ہسپتال میں داخل ہونے سے پہلے کے3 دن اور ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد کے15 دن کے اخراجات جیسے کہ تشخیص اور ادویات شامل ہیں۔ خاندان کے سائز، عمر، یا جنس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ پہلے دن سے تمام پہلے سے موجود حالات کا احاطہ کیا گیا ہے۔










