ڈیجیٹائزیشن لینڈ ریکارڈ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا
کولگام//کمشنر سیکرٹری ریونیو وِجے کمار بِدھوری نے کولگام کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ریونیو عملے کے لئے ڈیجیٹائزیشن لینڈ ریکارڈ ٹریننگ پروگرام کا آغازکیا۔یہ تربیتی سیشن ریونیو عملے کو ڈیجیٹائزیشن کے عمل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے منعقد کیا گیا ہے تاکہ زمینی ریکارڈ کی جلد اور غلطی سے پاک ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔اِس تربیتی پروگرام میں ضلع کے تمام تحصیل داروں اور پٹواریوں نے یہاں منی سیکرٹریٹ کولگام میں شرکت کی۔اِفتتاحی پروگرام میں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، ریجنل ڈائریکٹر ایس ایل آرمیراز اننت ناگ سیّد حفیظ شاہ ، اے ڈی سی شوکت احمد راتھر ، اے سی آر میرامتیاز العزیز اور دیگر اَفسران موجود تھے۔بعد میں کمشنرسیکرٹری نے ریونیو اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور بے دخلی کے منصوبے کی پیش رفت اور اِس پر عمل درآمد ، سٹیٹ کاہچری لینڈاور مائیگرنٹ اراضی سے تجاوزات کے خاتمے ، ریونیو ریکارڈ کی اَپ ڈیٹ کی صورتحال ، وقف اِملاک اور ریونیو سے متعلق دیگر اَمور کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورانِ میٹنگ اے سی آر کولگام نے ضلع میں محکمہ ریونیو کے کا م کاج کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔کمشنر سیکرٹری نے تحصیل داروں ، پٹواروں اور زمینی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن میں شامل دیگر عملے پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے مزید جوش،لگن اور محنت کے ساتھ کام کریں۔اُنہوں نے پٹواریوں اور متعلقہ عملے کے کام اورلگن کی بھی تعریف کی جس کا مظاہرہ اُنہوں نے ریونیو ریکارڈ کی اَپ ڈیٹ کرنے کے عمل کے دوران کیا۔










