Lt Governor interacts with first batch of Haj pilgrims from J&K

145 عازمین حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب کیلئے روانہ ہوگیا

جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا کی عازمین حج کے ساتھ بات چیت ،نیک تمنائوں کا اظہار کیا

نئی دہلی/ بڈگام//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموںوکشمیر یوٹی کے حج۔2022ء عازمین کے پہلے قافلے سے بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے مقدس فریضہ اَداکرنے والے عازمین کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا،’’ میں کامیاب حج اور جموںوکشمیر یوٹی کے لئے اَمن ،دوستی اور خوشحالی کی دعا کرتا ہوں۔‘‘اُنہوں نے عازمین پر زور دیا کہ وہ سفر کے دوران کہیں بھی کسی بھی مسئلہ کا سامنا کرنے کی صورت میں اِنتظامیہ کو فوری طور پر مطلع کریں۔صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے لیفٹیننٹ گورنر کو جموں وکشمیر سے عازمین حج کے لئے کئے جانے والے اِنتظامات سے آگاہ کیا۔جموںوکشمیر اور لداخ کے تقریباً 6,000 عازمین اِس برس حج کا فریضہ اَدا کریں گے جو کووِڈ۔19کی پابندیوں کے دو برس بعد دوبارہ شروع ہورہا ہے ۔ کل 6,000 عازمین میں سے 5,856 عازمین وادیٔ کشمیر سے اور دیگر دہلی ائیر پورٹ سے روانہ ہوں گے۔اُنہوں نے بتایا کہ عازمین کی حفاظت اور سہولیت کو مد نظر رکھتے ہوئے جے وِی سی ہسپتال بمنہ میںآر ٹی۔ پی سی آر کووِڈ۔19 ٹیسٹ کی سہولیت اور حج ہائوس میں اِی ۔رِکشا اور دیگر سہولیات عازمین کے لئے دستیاب کی گئی ہیں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، آئی جی پی کشمیر وِجے کمار ، کمشنر سیکرٹر ی ریونیو وِجے کمار بیدھوری ، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباا احمد مرزا کے علاوہ ائیر پورٹ اَتھارٹی ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔