verinag encounter

ویری ناگ میں3سال7ماہ سے سرگرم مقامی حزب کمانڈر ازجان

ابتدائی فائرنگ میں زخمی ہوئے3فوجی اہلکار اورایک عام شہری زیرعلاج :پولیس

اننت ناگ / /جنوبی ضلع اننت ناگ کے ریشی پورہ کاپرن ویری ناگ علاقہ میں جمعہ کی شام شروع ہواملی ٹنٹ مخالف آپریشن سنیچر کی صبح3سال7ماہ سے سرگرم ایک مقامی حزب کمانڈر کی ہلاکت کیساتھ اختتام پذیر ہوگیا جبکہ جمعہ کورات دیر گئے ہوئی فائرنگ کے تبادلے میں 3فوجی اہلکار اورایک عام شہری زخمی ہوگیاتھا،اوریہ سبھی زخمی بادامی باغ سری نگرمیں قائم فوجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق کچھ جنگجوئوںکی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملتے ہی پولیس ،اسکے اسپیشل آپریشن گروپ ،فورسزاورفوج کے اہلکاروںنے جمعہ کی شام ضلع اننت ناگ کے ریشی پورہ کاپرن ویری ناگ علاقہ کومحاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ۔کشمیرزون پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایاکہ جیسے ہی فورسز کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کی طرف پہنچی تو چھپے ہوئے ملی ٹنٹوں نے فورسز پر گولیاں چلائیں جس سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز مصروف عمل ہیں۔ پولیس نے بعدازاں ایک ٹویٹ میں جانکاری فراہم کی کہ طرفین کے درمیان ہونے والی گولی باری کے دوران 3 فوجی جوان اورایک عام شہر ی گولیاںلگنے سے زخمی ہوگئے ،جن کووہاں سے نکال کر سری نگرمیں قائم فوجی اسپتال منتقل کیاگیا۔پولیس نے مزیدکہاکہ اس پورے علاقے کوسخت محاصرے میں رکھاگیا تاکہ یہاں محصور ملی ٹنٹ فرارنہ ہونے پائیں ۔کشمیر زون پولیس نے ہفتے کی صبح بتایاکہ کالعدم تنظیم حزب المجاہدین تنظیم کا ایک کمانڈرکاپرن کے ریشی پورہ علاقہ میں رات بھر جاری رہنے والی گولی باری میں مارا گیا۔آئی جی پی کشمیر وجے کمار کا حوالہ دیتے ہوئے، کشمیر پولیس زون نے ٹویٹ کیاکہ کالعدم تنظیم کے کمانڈرنثار کھانڈے کو ہلاک کر دیا گیاجبکہ جائے جھڑپ سے مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بشمول ایک اے کے 47 رائفل برآمد ہوئی۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ڈورو اننت ناگ کا رہنے والا نثار احمد کھانڈے ضلع اننت ناگ میں12 اکتوبر 2018 سے سرگرم تھا۔