دن اوررات کے درجہ حرارت میں اضافہ جاری
سری نگر//گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے جاری موسم خشک رہنے کے باعث دن اوررات کے درجہ حرارت میں اضافہ ہواہے ۔جمعہ کودوپہر ے وقت سری نگرشہر اورجموںمیں درجہ حرارت بالترتیب28اور42ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوںکے دوران خشک موسمی صورتحال جاری رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے درجہ حرارت میں مزید اضافے کاامکان بھی ظاہرکیا ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق گزشتہ دنوں سہ پہراورشام کے وقت تیزہوائوں کے ساتھ ساتھ گرج چمک کیساتھ بارشیں ہونے کے بعدجمعرات سے پورے جموں وکشمیر میں موسم خشک ہے ۔جمعرات کوموسم خشک رہنے کے بعدصوبہ جموںکیساتھ ساتھ کشمیروادی میں بھی شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈکیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات سری نگر میںدرجہ حرارت12.2ڈگری سینٹی گریڈ،پہلگام میں4.5اورگلمرگ میں درجہ حرارت4.8ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ جموں شہر میں جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات درجہ حرارت 26.5، کٹرہ میں23.0، بٹوت میں 16.2، بانہال میں 13.4 اور بھدرواہ میں 11.1 ڈگری درج کیا گیا۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے موسم خشک رہنے کے بعدجمعہ کوصبح سے پورے جموں وکشمیرمیں گرمی کی شدت رہی ۔دوپہر کے وقت سری نگرشہر اورجموںمیں درجہ حرارت بالترتیب28اور42ڈگری سینٹی گریڈ تھاجبکہ بارہمولہ ،کپوارہ اوراننت ناگ میںجمعہ کودن کے4بجے درجہ حرارت بالترتیب24،27اور30ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔اُدھر جموں شہر اوراسکے نواحی علاقوںمیں سہ پہر کے وقت درجہ حرارت میں مزید اضافہ محسوس کیاگیا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے،جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔










