5جون کو، پہلی پرواز،روزانہ2 سے 3 حج پروازیں
سری نگر//جموں و کشمیر اور لداخ کے کم از کم 6000 عازمین اس سال سعودی عرب میں فریضہ حج ادا کریں گے۔سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے عازمین حج کیلئے کووڈ19 کی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد2 سال بعد حج کا سفر دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ڈویڑنل کمشنرکشمیر پی کے پولے نے جمعرات کو حج ہاؤس بمنہ سری نگرکے دورے کے دوران میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ 6000 عازمین میں سے 5400 وادی کشمیر اور دیگر جموں صوبے اوریونین ٹریٹری لداخ سے روانہ ہوں گے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ 5 جون سے سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روزانہ2 سے 3 حج پروازیں روانہ ہوں گی اور 15 دن تک جاری رہیں گی جب تک کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے تمام عازمین حج کے لئے سعودی عرب روانہ نہیں ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لداخ اور جموں سے آنے والے عازمین تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لئے روانگی سے3 دن قبل سری نگر حج ہاؤس پہنچیں گے اور ان کے قیام و طعام کے انتظامات حج ہاؤس سری نگرکے اہلکار کریں گے۔ڈویڑنل کمشنرکشمیر پی کے پولے نے کہا کہ عازمین حج کے لیے حج ہاؤس سری نگر میں تمام مناسب انتظامات کئے گئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عازمین کو سعودی عرب کا سفر آسانی سے کرنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ انہوںنے کہا کہ سعودی عرب سے حاجیوں کی آمد کا شیڈول بھی اسی کے مطابق یہاں موصول ہوتے ہی ترتیب دیا جائے گا۔صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ عازمین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اُنھیںRT-PCRکاٹیسٹ کرانا ضروری ہے ،جوکہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانے والی پروازوں میں سوار ہونے سے72 گھنٹے پہلے کرانا لازمی ہے۔انہوںنے کہا کہ RT-PCRٹیسٹ کرانے کے لیے تمام سہولیات ’JVC‘ میڈیکل کالج بمنہ ا میں دستیاب کر دی گئی ہیں۔ڈویڑنل کمشنرکشمیر پی کے پولے نے یہ بھی کہا کہ عازمین کو سعودی عرب کے آسان سفر کے لئے فلائٹ میں سوار ہونے کیلئے سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روانگی سے قبل تمام رسمی کارروائیوں کو پورا کرنے کے لیے 4سے ساڑھے4 گھنٹے قبل حج ہاؤس پہنچنا پڑتا ہے۔










