مرکز کو دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنے کا یقین:وزیرخارجہ ایس جئے شنکر

سری نگر//جنوبی ضلع کولگام کے گوپال پورہ علاقہ میں منگل کی صبح مشتبہ جنگجوئوں کی طرف سے ایک خاتون ٹیچر کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد، وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ دہشت گردی ایک دن میں ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے انتہا پسندی کے خلاف جاری جنگ جیتنے کا یقین ظاہر کیا۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر کے کولگام ضلع میں مشتبہ جنگجوئوںکے ذریعہ استاد کی ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں گجرات کے وڈودرا شہر میں ایک تقریب کے موقعہ پرگزشتہ روز نامہ نگاروں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، جے شنکر نے کہا کہ مرکز کو دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کا یقین ہے جو کئی سالوں سے جاری ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ دہشت گردی کے خلاف ہماری لڑائی، جو کئی سالوں سے جاری ہے، جاری رہے گی۔انہوںنے نامہ نگاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ دیکھیں، عسکریت پسندی ایک دن میں ختم نہیں ہوگی۔ لیکن، دہشت گرد بھی جانتے ہیں کہ موجودہ حکومت پچھلی حکومت کی طرح نہیں ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم یقینی طور پر عسکریت پسندی کے خلاف ضروری اقدامات کریں گے۔ عسکریت پسندی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی اور ہمیں یقین ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔