پی ایچ ڈی سی سی آئی کے وفد کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

پی ایچ ڈی سی سی آئی کے وفد کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

سری نگر//پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری کے ایک وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔صدرپی ایچ ڈی سی سی آئی پردیپ ملتانی کی سربراہی میں وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں جموںوکشمیر یوٹی حکومت کی تاجر برادری کے خدشات کو دورکرنے اور جموںوکشمیر یوٹی میں صنعتی ترقی کے لئے مختلف اِقدامات کرنے کی تعریف کی۔وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو کئی مطالبات پیش کئے جس میں کاروبار کرنے میں آسانی اور کاروباری ایکشن ریفارمر پلان پر عمل در آمد ، ویٹ ایمنسٹی میں توسیع ، سری نگر ماسٹر پلان کا جائزہ ، بینکنگ خدمات میں آسانی ، بنیادی ڈھانچے سے متعلقہ جموںوکشمیر کی اِقتصادی ترقی کے لئے تعاون ، موجودہ مینو فیکچرنگ اور سروس سیکٹر کو سپورٹ ، ایمرجنسی کریڈٹ لائن گارنٹی سکیم کے تمام شعبوں تک توسیع ، خصوصی اقتصادی زون وغیرہ کے اِقدامات شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی حکومت جموں وکشمیر کی اِقتصادی ترقی اور ہمہ گیر ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے مختلف پیش رفت کے اِقدامات کر رہی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہم صنعتی اور کاروباری ماحولیاتی نظام کو اِس طریقے سے مضبوط کرنے کے لئے پُر عزم ہیں جس کے فوائد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں۔