سری نگر//فوج اور پولیس کی بچائو ٹیموں نے مغل روڈ پر10 مسافروں کو بچا لیا جو جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے علاقے میں پھنس گئے تھے۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بتایا کہ جمعہ کو رات کے تقریباً11بجے، چٹا پانی کے قریب مغل روڈ پر مٹی کا تودہ گرنے سے سڑک بلاک ہو گئی اور کئی گاڑیاں سڑک پر پھنس گئیں۔ ایک دفاعی ترجمان نے کہا کہ مٹی کے تودے گرنے سے مغل روڑ پرپیداشدہ اس رکاوٹ کی اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس کی ٹیمیں حرکت میں آگئیں اورجائے وقوعہ پر پہنچنے پر ٹیموں نے6درماندہ پڑی گاڑیوں اوران میں سوار10مسافروں کو وہاں پھنساہوا پایا۔ ترجمان نے کہا کہ مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں 10 مسافروں کے ساتھ 6 گاڑیاں بغیر نیٹ ورک کے علاقے میں پھنس گئیں جہاں پر مغل روڈ پر پیر کی گلی کے قریب نامساعد موسم کے دوران پتھراؤ کا خطرہ تھا۔انہوںنے کہا کہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے، امدادی کارکنوں نے فوری طور پر ملبہ ہٹانا شروع کیا اورایک خاتون اورایک بچے سمیت10 شہریوں کو بچا لیا، جنہیں بعد ازاں حرارتی انتظامات اور گرم کھانا فراہم کیا گیا۔فوج نے مزید کہا کہ مقامی لوگ مشترکہ ریسکیو ٹیم کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے انہیں لینڈ سلائیڈنگ کے مقام سے نکالنے میں بروقت مدد کی۔دوسری جانب مغل روڈ کو14گھنٹے کے وقفے کے بعد ہفتے کی دوپہر ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا۔










