محنت کشوں کاعالمی دن ،EJCCاور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں وکشمیرکی مشترکہ تقریب

حکومت نے ڈی جی پی سی اِنتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا

سری نگر//حکومت نے آج ضلع گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں ( ڈی جی پی سی ) کے اِنتخابات 2022ء کے اِنعقاد کے شیڈول کا اعلان کیا۔فائنانشل کمشنر ریونیو کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پولنگ 27؍ جون 2022ء ( سوموار ) کو صبح 7بجے سے دوپہر ایک بجے تک بذریعہ بیلٹ بکس ہوگی۔اِس مقصد کے لئے جموںوکشمیر یوٹی میں کُل 190 حلقوں کی حد بندی کی گئی ہے جس میں صوبہ کشمیر میں 80 او رجموں صوبہ میں 110 حلقے ہیں۔اِنتخابی نوٹس متعلقہ اَضلاع کے ریٹرننگ اَفسران 27؍ مئی کو جاری کریں گے ۔ کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی تاریخ 28؍مئی سے 4؍ جون صبح 11بجے سے دوپہر 3بجے تک مقرر کی گئی ہے ۔اِنتخابی نوٹیفکیشن کے مطابق اُمید واروں کی فہرستیں اسی دِن نوٹس بورڈ پر چسپان کی جائیں گی۔کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 7؍ جون کو صبح 11بجے ہوگی اور اُمید وار 9؍ جون کو سہ پہر 3بجے تک اَپنا کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ اُمید واروں کو نشانات 10جون کو الاٹ کئے جائیں گے اور اِنتخابی مہم چلانے کی آخری تاریخ 25؍ جون ہے ۔ ووٹوں کی گنتی الیکشن کے دِن ہی 27جون کو دوپہر 2بجے شروع کی جائے گی جب تک کہ دوسری صورت میں مطلع نہ کیا جائے ۔ڈی جی پی سی اِنتخابات کے لئے ووٹروں کی کُل تعداد1,75,368ہے جن میں 92,061مرد اور 83,307خواتین ہیں ( 33,126کشمیر میں اور1,42,242جموں میں )اور جموں وکشمیر میں کُل 454 پولنگ سٹیشن بنائے جائیں گے جن کی تعداد 115 صوبہ کشمیر اور جموںصوبہ میں 339 ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اِنتظامیہ کی جانب سے اِس مقصد کے لئے پہلی بار تصویری ووٹر فہرستیںتیار کی گئی ہیں۔ فائنانشل کمشنر ( ریونیو ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق متعلقہ صوبوں میں صوبائی کمشنروں کو اِس مشق کے لئے نوڈل آفیسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔