پلوامہ اور سوپور میں جیش اور لشکر کے 4ملی ٹینٹ جاں بحق

بارہمولہ میں3پاکستانی ملی ٹنٹ اورایک پولیس اہلکار جاں بحق :آئی جی پی کشمیر

بارہمولہ//شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کریری علاقہ میں بدھ کی صبح ہوئی ایک جھڑپ میں 3ملی ٹنٹ اورایک پولیس اہلکار ازجان ہوئے ۔پولیس کے مطابق مارے گئے تینوں ملی ٹنٹوں کاتعلق کالعدم تنظیم جیش محمدسے تھا،اورتینوں مہلوک ملی ٹنٹ پاکستانی تھے ۔آئی جی پی کشمیر وجئے کمار نے کریری میں جیش محمد کے تین غیرملکی ملی ٹنٹوںکی ہلاکت کوسیکورٹی فورسزکیلئے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاکہ مارے گئے تین ملی ٹنٹ سری نگر میں حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے،تاہم ان کی ہلاکت سے یہ منصوبہ ٹال دیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیرزون پولیس نے آفیشل ٹویٹر پر بتایاکہ ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں نجی بٹ کراسنگ پرکچھ ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق مخصوص اطلاعات کی بنیاد پر، فوج کی52آرآر،سی آرپی ایف ،جموں وکشمیر پولیس اوراسکے اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروںنے مشترکہ طورپر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ چھپے دہشت گردوں کی سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کے بعد سرچ آپریشن انکاؤنٹر میں تبدیل ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔جنگجومخالف کارروائی میں تین ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ جموں وکشمیر پولیس کاایک جوان مدثراحمد جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوگیا۔کشمیر زون پولیس نے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہاکہ بارہمولہ چانس انکاؤنٹر میں تین پاکستانی ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ جموں وکشمیر پولیس کا ایک اہلکار بھی جاں بحق ہوگیا۔کریری بارہمولہ تصادم میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی میت پرپھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی کشمیر وجئے کمارنے کہا کہ اس انکاؤنٹر میں ہم نے ایک بہادر پولیس اہلکارمدثر احمدکو کھو دیا۔آئی جی پی کشمیر نے کہاکہ بعض اوقات، ہمیں موقع پر ہونے والے مقابلوں میں نقصان اٹھانا پڑتا ۔ انہوں نے کہا کہ کریری میں مارے گئے جیش محمد کے تین ملی ٹنٹ د سری نگر میں حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے جسے ٹال دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ انکائونٹر کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اوروہاں تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔پولیس نے بتایاکہ جائے جھڑپ سے مارے گئے تینوں ملی ٹنٹوںکی نعشوں اورکافی مقدار میں اسلحہ وگولی بارود اورکچھ دیگرقابل اعتراض چیزوں کوبھی برآمد کیاگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ مارے گئے پاکستانی ملی ٹنٹوںکی شناخت عمل میں لانے کی کارروائی جاری ہے ۔اس دوران ضلع پولیس لائنز بارہمولہ میں کریری انکائونٹر میں مارے گئے پولیس اہلکار مدثر احمد کے اعزازمیں ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی ،جس دوران جاں بحق پولیس اہلکار کوسلامی پیش کی گئی جبکہ اعلیٰ پولیس افسروںنے مہلوک جوان کے تابوت پرگل باری کی اورخراج عقیدت پیش کیا۔

مجھے اپنے شہید بیٹے پر فخر ، پولیس اہلکار کے والدکابیان
سری نگر//بارہمولہ کے نجی بٹ کریری علاقے میں بدھ کو جنگجوئوں کے ساتھ تصادم میں مارے گئے پولیس اہلکار کے والد نے کہا کہ اُنہیں اپنے شہید بیٹے پر فخر ہے۔جے کے این ایس کے مطابق کریری بارہمولہ انکاؤنٹر میں جاں بحق ہونے والے جموں و کشمیر کے پولیس اہلکار مدثر احمدشیخ کے والد مقصود احمد شیخ ساکنہ اوڑی نے کہا کہ نہ صرف انہیں بلکہ پورے خاندان کو اپنے شہید بیٹے پر فخر ہے۔مہلوک پولیس اہلکار کے والد نے کہاکہ ہمیں فخر ہے کہ اس نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ اس نے ہزاروں دوسرے لوگوں کی جانیں بچائیں۔