چاڑورہ// وسطی ضلع بڈگام کے حشرو چاڈورہ گائوں میں بدھ کی شام مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ایک خاتون ٹی وی ڈرامہ آرٹسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی اور بعد میں اسپتال میں دم توڑ بیٹھی۔ اس واقعہ میں اسکا 10سالہ کمسن بھتیجا بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔پولیس نے بتایا کہ حشرو گائوں میں بدھ کی شام ملی ٹینٹوں نے امبرین بٹ نامی ایک دوشیزہ اور اسکے دس سالہ بھتیجے فرحان پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے دونوں زخمی ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر سب ضلع ہسپتال چاڈورہ منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد دونوں کو سرینگر صدر ہسپتال ریفر کیا گیا۔بلاک میڈیکل آفیسر چاڈورہ ڈاکٹر دلیر نے بتایا کہ دوشیزہ کے سینے میں گولی پیوست تھی جبکہ دس سالہ لڑکے فرحان کے بازو کو گولی لگی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دوشیزہ کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ امبرین بٹ صدر اسپتال پہنچنے سے قبل ہی راستے میں دم توڑ بیٹھی تھی۔ واقعہ کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور حملہ آور ملی ٹینٹوں کی تلاش شروع کی۔ واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں ٹیلی وژن پر ڈرامہ سیریلز میں کام کرنے والی کسی بھی کشمیری خاتون کی یہ پہلی ہلاکت ہے۔










